معروف بھارتی گلوکار کے کے کی اچانک موت سے جہاں بھارتی فلم انڈسٹری شدید صدمے سے دوچار ہے وہیں آنجہانی گلوکار کی موت پر شبہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ کرشنا کمار کناتھ کی موت طبی نہیں بلکہ ان کے ساتھ کوئی تشدد کا واقعہ پیش آیا ہو، تاہم گلوکار کے کے کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی ہے، جس میں گلوکار کی موت حرکتِ قبل بند ہونے سے ہوئی ہے۔ گلوکار کو طویل عرصے سے دل کے مسائل تھے اور ان کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی جبکہ ان کے ساتھ کوئی تشدد کا واقعہ پیش نہیں آیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لائیو کنسرٹ کے دوران جوش و خروش کے باعث خون کا بہاو تیز ہوا تاہم شریانوں میں موجود رکاوٹ خون کے بہاؤ کو روکنے کا سبب بنی جس کے وجہ سے گلوکار کے کے کو دل کا دورہ پڑگیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر گلوکار کو سی پی آر دیا جاتا تو اُنہیں بچایا جاسکتا تھا۔ اس سے قبل گلوکار کے کے کے سر اور ہونٹ پر ملنے والی چوٹوں نے کولکتہ پولیس کے شک کو مزید پکا کردیا تھا جس پر گلوکار کی موت پر غیر فطری موت کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔
گلوکار کے کے کی آخری رسومات ممبئی میں ادا کردی گئیں جہاں بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف فنکار سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ 53 سالہ گلوکار منگل کو لائیو کنسرٹ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔ رات کو10 بج کر 30 منٹ پر "کے کے” کو ان کے ہوٹل سے ہسپتال لے جایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی۔
Discussion about this post