پاکستانی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عہدہ جب سے سنبھالا ہے ایک کے بعد ایک چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ اور پھر انگلینڈ کے دورے کے منسوخی کی بری خبریں ملیں لیکن اس کے باوجود ہمت نہیں ہاری، نیوزی لینڈ اورانگلینڈ کا دورہ نہ کرنا درحقیقت پاکستان کے خلاف سازش تھی۔ رمیز راجا کے مطابق کرکٹ میں لیڈرشپ کا سب سے بڑا کردار ہوتا ہے، یہ نہیں کہ کوچز کا کوئی کردار نہیں، وہ بھی اپنی جگہ اہمیت رکھتے ہیں۔ رمیز راجا کا کہنا تھا کہ جب تک آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں شکست سے دوچار نہیں کریں گے، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آسٹریلیا سے پچز منگوارہے ہیں تاکہ ان پچز پر کھیل کر نوجوان کھلاڑیوں کو فاسٹ پچز پر کھیلنے کا تجربہ حاصل ہو۔رمیز راجا کے مطابق دنیا کو احساس ہوگیا ہے کہ کرکٹ میں پاکستان کتنا اہم ملک ہے ۔ ایشیا کپ اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کو ملی ہے، جس کے لیے بھارت کو پاکستان آنا پڑے گا کوئی ٹال مٹول نہیں چلے گی۔
انہوں نے اس جانب بھی اشارہ دیا کہ کوشش ہوگی چیمپئنز ٹرافی 2025 تک نیا اسٹیڈیم تعمیر ہوجائے۔ ہر انٹرنیشنل میچ کے لئے اتنا ہی زور لگائیں گے جتنا پاکستان سپر لیگ کے لئے لگایا ہے۔ پی ایس ایل کے لیئے پورا ہوٹل بک کرالیا ہے، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، انگلینڈ کے بہترین کھلاڑی پاکستان آئیں گے۔ پی ایس ایل کسی صورت باہر نہیں لے کر جائیں گے، پاکستان میں ہی کھیلیں گے۔ یاسر شاہ کے حوالے پوچھے گئے سوال پر رمیز راجا نے کہا کہ وہ کیس کو دیکھ رہے ہیں کہ اس میں کتنی صداقت ہے۔ تمام حقائق اور تحقیق کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جاسکے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
Discussion about this post