ممبئی کی خصوصی عدالت میں شاہ رخ خان کے بیٹے پر منشیات کے استعمال اور رکھنے پر ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے20اکتوبر تک فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے آریان خان کو دوبارہ جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ آج کی سماعت کے دوران نیشنل نارکوٹکس بیورو کے وکیل دلائل ختم نہ کرسکے۔ عدالت نے آریان خان کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد ہی ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اب تک آریان خان قید تنہائی میں تھے لیکن انہیں اب دوسرے قیدیوں کے ساتھ منتقل کردیا جائے گا۔
سماعت کے دوران این سی بی کے وکیل نے آریان خان کی ضمانت کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ آریان منشیات کے عادی ہیں اور اس کا ثبوت ان کے واٹس ایپ سے ہونے والی گفتگو سے ہوا ہے۔ یہ درست ہے کہ وہ منشیات کے ساتھ نہیں پائے گئے لیکن وہ اس سارے عمل میں ملوث ہیں۔ جس پر آریان خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ واٹس ایپ کی چیٹ سیاق و سباق سے ہٹ کر ہے۔ یہ ایک بلاتکلفانہ گفتگو ہے جس سے یہ اخذ نہیں کیا جاسکتا کہ آریان منشیات کے عادی ہیں۔ خصوصی عدالت نے آریان کو ضمانت دینے نہ دینے کے فیصلے کو محفوظ کرتے ہوئے اب اگلی بدھ تک کا انتظار شاہ رخ خان کے خاندان کو دے دیا ہے۔
Discussion about this post