ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو ویرچکرا دینے کے معاملے پر عوام کو خوش کرنے اور اپنی خفت مٹانے کو قرار دیا ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایف 16 سولہ طیارے گرانے کے بھارتی دعوی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ دعویٰ بے بنیاد اور من گھڑت ہے، مودی سرکار صرف عوام کی اصل حقائق سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ عالمی ماہرین اور امریکی حکام اس بات کی تصدیق کرچکے ہیں کہ بالاکوٹ کے مقام پر کوئی پاکستانی ایف 16 طیارہ نہیں گرا، بھارت کی مضحکہ خیز کہانی کی عالمی برادری کے سامنے کوئی ساکھ نہیں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شکست خوردہ بھارتی پائلٹ کو اعزاز سے نوازنا اپنا مذاق اڑانے کے مترادف ہے اور فوجی اصولوں اور اقدار کے منافی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے بھارتی ایئر فورس کو تگنی کا ناچ ناچاتے ہوئے 27 فروری کو 2 بھارتی طیارے مار گرائے تھے، جن میں سے ایک بھارتی مگ21 طیارہ آزاد جموں و کشمیر کی حدود میں تباہ ہوگیا تھا۔ تباہ شدہ بھارتی طیارے کے پائلٹ کو پاکستان نے پکڑا پھر جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کیا، پائلٹ کو واپس بھیجنا دلیل ہے کہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باوجود پاکستان امن کا خواہاں ہے۔ ابھی نندن کو حکومتی ایوارڈ دیے جانے پر پاکستان میں ٹوئٹر پر ابھی نندن ورتھمان کے ہیش ٹیگ سے ایک ٹرینڈ بھی چل رہا ہے جس میں ٹوئٹر صارفین اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں اور بھارتی پائلٹ کو ان کی فنٹاسٹک ٹی کی چسکیاں جو انہوں نے زخمی حالت میں پاکستان میں لی تھی یاد کروا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
Discussion about this post