بھارتی ریاست اتر پردیش کے انتہا پسند، متعصب اور کٹر مسلم دشمن یوگی ادتیہ ناتھ نے ساری حدیں پار کردیں۔ ’الہ آباد‘ شہر کا نام تبدیل کرے اب ’پریاگ راج‘ رکھ دیا۔ جس کے بعد باقاعدہ طور پر اعلان کیا گیا کہ مشہور شاعر اور ادیب اکبر الہ آباد ی کا تخلص ’الہ آباد‘ سے بدل کر ’پریاگ راج‘ کردیا گیا ہے۔ چونکہ الہ آباد کا نام مسلم تھا، اسی لیے یوگی حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے۔
اترپردیش کے اعلیٰ تعلیمی کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ پر باقاعدہ طور پر لکھا ہے کہ شہرہ آفاق شاعر اکبر الہ آبادی کو اب ’اکبر پریاگ راج‘ لکھا اور پڑھا جائے۔ یہی نہیں الہ آباد سے تعلق رکھنے والے دیگر شعرا تیغ الہ آبادی اور راشد الہ آبادی کا تخلص بھی کچھ ایسا ہی ہوگیا ہے۔ ویب سائٹ میں پریا گ راج (الہ آباد) کا تعارف دیا گیا ہے۔ جس میں واضح طور پر لکھا ہے کہ اس شہر میں 3ندیاں گنگا، یمنا اور سرسوتی کا سنگم ہے۔جو ہندو ؤں کے لیے مقدس مقام ہے۔ویب سائٹ کے مطابق نوح ناروی، تیغ، شبنم نقوی، راشد اور اکبر الہ آبادی کے تخلص تبدیل کردیے گئے ہیں اور یہ فیصلہ ’الہ آباد‘ شہر کا نام تبدیل ہونے کی وجہ سے کیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ یوگی ادتیہ ناتھ کی متعصب حکومت نے 2018میں یہ فیصلہ کیا تھا۔ ریاستی وزیرتعلیم نے اس اقدام کو اعلیٰ تعلیمی کمیشن کا قرار دیا ہے۔۔ سوشل میڈیا پر اس انتہا پسندی پر مبنی فیصلے کی سخت مخالفت کی جارہی ہے۔اسے کم ظرفی اور ذہنی کم عقلی سے تعبیر کیا جارہا ہے۔
I feel like laughing and crying at the same time. Heights of stupidity 🤦
— Ankita (@AnkitaSharma_26) December 28, 2021
بیشتر صارفین کا کہنا ہے کہ یوگی حکومت ہوتی کون ہے، جو مشہور شعرا کے تخلص میں تبدیلی کرے۔
اکبر الہ آبادی کون تھے؟
سید اکبر حسین رضوی نام تھا اور پھر تخلص اکبر رکھا۔ جس کے ساتھ الہ آباد میں پید ا ہونے کی وجہ سے اس شہر کا نام جوڑ دیا۔ شعرو سخن میں اپنی مثال آپ تصور کیے گئے۔
اکبر الہ آبادی کی شہرت ظرافت آمیز اور طنزیہ اشعار کے گرد گھومتی ہے۔ کئی کلام اور کلیات آئیں۔9ستمبر 1921میں 75برس کی عمر میں انتقال ہوا۔ جبکہ اکبر الہ آبادی کے کئی اشعار زبان زد عام ہوئے جیسے:
تعلیم جو دی جاتی ہے ہمیں وہ کیا ہے؟ فقط بازاری ہے
جو عقل سکھائی جاتی ہے وہ کیا ہے؟ فقط سرکاری ہے
بے پردہ نظر آئیں مجھے چند بیبیاں اکبر،زمیں میں غیرتِ قومی سے گڑ گیا
پوچھا جو ان سے آپ کا پردہ کدھر گیا کہنے لگیں کہ عقل پہ مردوں کی پڑ گیا
پیدا ہوا وکیل تو شیطان نے کہا
لو آج ہم بھی صاحب اولاد ہوگئے
ہنگامہ ہے کیوں برپا تھوڑی سی جو پی لی ہے
ڈاکہ تو نہیں مارا چوری تو نہیں کی ہے
ہم آہ بھی کرتے ہیں تو ہوجاتے ہیں بدنام
وہ قتل بھی کرتے ہیں تو چرچا نہیں ہوتا
Discussion about this post