زیادہ پرانی بات نہیں 2019کے عالمی کپ میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں آصف علی نے پہلے سلپ میں اور پھر ڈیپ تھرڈ مین پر ایک آسان کیچ گرایا۔ جس کے گرتے ہی کیمرامین نے تماشائیوں میں موجود ایک پاکستانی یعنی صارم اختر کا ’ر ی ایکشن‘ عکس بند کیا۔ جو دونوں ہاتھوں سے کمر کو پکڑ کر انتہائی رنجیدہ، افسردہ اور غصے میں تھے، ان کے چہرے کی غصے کی لالی بتارہی تھی کہ جیسے وہ آصف علی کو کچا چبا جائیں گے۔
یہ چند سکینڈز کے جذبات اس قدر وائرل ہوئے کہ اس پر دھڑا دھڑ میم بن گئیں اور سب نے ہی دیکھا کہ صارم اختر پلک جھپکتے میں شہرت کے ساتویں آسمان پر پہنچ گئے۔ جن سے مختلف ٹی وی چینلز نے انٹرویوز بھی لیے اور یہاں تک کہ وہ کمرشلز میں بھی نظرآئے۔
سوشل میڈیا پرا ب سبھی صارفین صارم اختر کو تلاش کررہے ہیں، جن کی غصیلی ادائیں انہیں مقبول بنا گئی تھیں لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف جس طرح آج جارحانہ انداز میں میچ کا نقشہ آصف علی نے بدلا، اُس کے بعد یقینی طور پر صارم اختر کی جانب سے اب کوئی اچھا سا ’ری ایکشن‘ آنے کا انتظار ہے۔
کیونکہ بھارت کے خلاف جیت پر وہ خوشی سے نہال تھے۔ ایسے میں اُن کو اداس اور غمگین کرنے والے آصف علی کی برق رفتار بیٹنگ نے کم از کم انہیں اس بار مسرت بھرے لمحات یقینی طور پر دیے ہوں گے۔ کیونکہ ذرا تصور کریں کہ اگر آصف علی وہ کیچ نہ گراتے تو بھلا صارم اختر کیسے اس قدر شہرت پاتے۔
Discussion about this post