پاکستانی نوجوان ارسلان ایش صدیقی نے سی ای او 2021 چیمپئن شپ میں جارجیا کے تگڑے حریف ‘ہووا نیکن لو’ کو شکست دے کر ایک مرتبہ پھر ای گیمنگ کا بڑا عالمی مقابلہ اپنے نام کر لیا۔ فلوریڈا میں ہونے والی یہ چیمپئن شپ ارسلان نے بغیر کوئی راونڈ ہارے یکطرفہ مقابلے میں جیتی۔ ارسلان ایش اس سے قبل ایویلوشن چیمپئن شپ جاپان (ای وی او) اور ایویلوشن چیمپئن شپ یو ایس میں فتح حاصل کر چکے ہیں کہ پاکستانی گیمرز کا کوئی مقابل نہیں۔ کورونا وبا کے بعد سی ای او چیمپئن شپ آن لائن گیمز کا سب سے بڑا مقابلہ تھا اور توقع بھی یہی کی جارہی تھی کہ بھرپور تیاری کے ساتھ آنے والے ارسلان بھی حریف کو اپنی سامنے ٹِکنے نہیں دیں گے۔
ارسلان ایش کون ہیں؟
24 سالہ ارسلان ایش کا تعلق لاہور کے ایک عام متوسط خاندان سے ہے، والد کے انتقال کے بعد والدہ اور ان کے دو بڑے بھائیوں نے ہی ارسلان پرورش کی۔ اپنے ایک انٹرویو میں ارسلان نے بتایا کہ گھر والے انہیں ڈاکٹر بنانا چاہتے تھے مگر شوقیہ طور پر کھیلنے والے ارسلان اب دنیا کے بہترین آن لائن گیمرز میں شمار ہوتے ہیں۔ بقول ارسلان اُن کے گھر کے سامنےعام سی دکان میں بنا ایک آن لائن گیمنگ زون تھا جہاں اُن کے والد انہیں 4 سال کی عمر میں ہی گیم کھیلنےکی غرض سے لے گئے تھے، ارسلان کہتے ہیں کہ اس دن کے بعد آن لائن گیمز سے اس قدر لگاؤ ہوا کہ اکثر گھر میں واپس آکر سونے کی بجائے وہ گیمنگ زون ہی میں تھک کر سوجایا کرتے تھے۔
میٹرک کے بعد ارسلان نے مقامی سطح پر منقعد ہونے والے ای گیمنگ مقابلے ‘پاکستان ٹیکن 6 گرینڈ ماسٹر چیمپئن شپ ‘ میں حصہ لیا اور پہلی ہی کوشش میں یہ مقابلہ جیت لیا۔ جس انداز میں انھوں نے یہ ٹورنامنٹ جیتا، سینئرز نے انہیں عالمی مقابلوں میں حصہ لینے کا مشورہ دیا لیکن ارسلان کے پاس مقابلے کی فیس اور ٹریولنگ کے پیسے نہیں تھے۔ ایسے میں دوست ہی کام آئے جنھوں نے ٹورنامنٹ فیس اور سفری ٹکٹ کا بندو بست کیا۔۔ یہاں سے ارسلان نے عمان کے شہر مسقط میں ہونے والی ‘کوف ۔جی سی سی 2018’ میں شرکت کی اور توقع کے مطابق مقابلہ جیت گئے۔ اِسکے بعد ارسلان نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا، بڑی بڑی چیمپئن شپس جیتنے کے باوجود وہ نا صرف اپنے کھیل پر بھرپور فوکس کرتے ہیں بلکہ آج بھی نئی ٹِرکس اور مووز کی تلاش میں رہتے ہیں۔
اہم کامیابیاں کیا ہیں؟
ارسلان نے اپنے کیرئیر کے آغاز میں ہی کورین کھلاڑی اور عالمی گیمنگ چیمپئن ‘جے ۔مِن ۔نی’ کو شکست دی جو گیمنگ کی دنیا میں بہت بڑا اپ سیٹ تھا، اس سے پہلے تک ‘جے ۔مِن ۔نی’ کو کئی سالوں کوئی شکست نہ دے سکا لیکن ارسلان کی مووز کے سامنے وہ بھی چکرا گئے۔ اس اپ سیٹ کے بعد ارسلان کو راتوں رات دنیا بھر میں پھیلی ای گیمنگ ورلڈ ۔۔ چیمپ ۔۔ کے نام سے جانا جانے لگا۔ یہاں سے ارسلان نے 2019 میں ای وی او جاپان میں شرکت کی اور یہ مقابلہ بھی اپنے نا م کر لیا۔ اسکے بعد امریکا میں ای وی او یو ایس 2019 کے دوران کورین نژاد ‘جے ۔مِن ۔نی’ پھر سامنے آئے اور ارسلان نے انہیں پر شکست دے دی۔ یوں اسی سال انھوں نے ای اسپورٹس پلئیر آف دی ائیرکا اعزاز اپنے نام کیا۔
Discussion about this post