وفاقی دارالحکومت میں سیاسی ہلچل اپنے عروج پر ہے۔ ایک طرف وفاقی وزرا ہیں جو یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ تحریک عدم اعتماد بری طرح ناکام ہوگی تو دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے ویڈیو پیغام کے ذریعے 27 مارچ کو بڑی تعداد میں جلسے میں شرکت کی اپیل کی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کا قوم سے اہم خطاب، ” قوم برائی کے خلاف 27 مارچ کو نکلے ”۔#PMImranKhan #ImranKhan #PMIK #PDM #NoConfidenceMotion #Pakistan #Taar pic.twitter.com/WNU7zoFUZI
— Taar.TV (@taar_tv) March 24, 2022
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں جمہوریت، قوم اور عوام کے خلاف جرم ہورہا ہے، قوم 27 مارچ کو نکلے، معاشرہ اسی طرح زندہ رہتا ہے، ملک میں ڈاکوؤں کا ٹولہ عوام کے سامنے لوٹ مار اور کرپشن کر رہا ہے ، پارلیمینٹیرین کے ضمیر کی قیمتیں لگائی جارہی ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس جانب اشارہ کیا کہ ملک میں الیکشن جلدی بھی ہوسکتے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن کے پاس حکومت کے جو بندے ہیں تو حکومت کے پاس بھی اپوزیشن کے ارکان ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن اپنے جال میں خود پھنس گئی ہے۔
شیخ رشید نے یہ خوش خبری بھی سنائی کہ آج کے بعد سے اچھی خبریں سننے کو ملیں گی۔ اسی سیاسی گرما گرمی میں سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس کی بھی سماعت جاری ہے۔ جس میں حکومت کا زور ہے کہ منحرف ہونے والے اُس کے ارکان کو تاحیات نااہل کردیا جائے۔ جس میں دونوں جانب سے ٹھوس دلائل دیے جارہے ہیں۔ لارجربیچ کی سماعت اب جمعے کو ہونے جارہی ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کی بھی ملاقاتیں جاری ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کا وفد پی پی قیادت سے ملاقات کے لیے زرداری ہاؤس پہنچا ۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، عامر خان، امین الحق شامل ہیں۔ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت، آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی وزرا بھی ملاقات میں شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات بھی طے پاگئے ہیں۔ ایم کیو ایم ووٹنگ والے دن اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کریں گی۔
ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سربراہ ق لیگ چوہدری شجاعت حسین اسلام آباد روانہ ہوگئے جبکہ چوہدری پرویز الٰہی کے جمعے کو اسلام آباد جانے کا امکان ہے۔ اسی طرح ترین گروپ میں شامل علیم خان بھی 3رکنی وفد کیساتھ خصوصی طیارے سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
اس خبر سے متعلق مزید پڑھیں:
Discussion about this post