بالی وڈ کے پہلے سپر اسٹار ہونے کا درجہ رکھنے والے راجیش کھنہ جنہوں نے ایک طویل عرصے تک اپنی غیر معمولی اداکاری سے پرستاروں کی تعداد میں اضافہ ہی کیا۔ اب راجیش کھنہ کی زندگی پر فلم تخلیق کی جانے والی ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکار اور پروڈیوسر نکھل دیودی نے راجیش کھنہ پرلکھی جانے والی کتاب
Dark Star: The Loneliness of Being Rajesh Khanna
کے حقوق خرید لیے ہیں۔ جسے گوتھم چنٹامانی نے لکھا تھا۔ نکھل اس فلم کی ڈائریکشن کے لیے فرح خان کا انتخاب کریں گے۔ ان کے مطابق راجیش کھنہ نے اپنی اداکاری سے ایک عالم کو اپنا دیوانہ بنایا۔ ان کی زندگی میں کئی نشیب و فراز بھی آئے۔ بالخصوص ایسے میں جب امیتابھ بچن کی ’زنجیر‘ کے ہٹ ہوجانے کے بعد بالی وڈ میں ایک نئے سپر اسٹار کا جنم ہوا۔
اس تناظر میں فلم میں راجیش کھنہ کی زندگی کے کئی پوشیدہ باب دکھائے جائیں گے۔ خاص طور پر راجیش کھنہ کی پہلی ہی فلم سے ہٹ ہونے والی ڈمپل کپاڈیہ سے شادی اور پھر علیحدگی بھی اس تخلیق کا حصہ ہوں گے۔ نکھل کہتے ہیں کہ یہ ایک بڑے سپراسٹار کو اُن کی اور پرستاروں کی جانب سے خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے فلم ثابت ہوگی۔
نکھل دیودی کہتے ہیں کہ فی الحال انہوں نے سرسری طور پر فرح خان سے گفتگو کی ہے اور وہ خود اس فلمی منصوبے میں دلچسپی دکھارہی ہیں۔ نئے سال کی آمد پر یہ دیکھا جائے گا کہ کون پردہ سیمیں پر راجیش کھنہ کا کردار ادا کرے۔
راجیش کھنہ نے بطور اداکار 1966میں ’آخری خط‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ جو اگلے ہی سال آسکر کی بہترین غیر ملکی زبان کی کیٹگری میں نامزد ہونے والی فلم بھی بنی۔ اس تخلیق کے علاوہ راجیش کھنہ نے بندھن، کٹی پتنگ، چھوٹی بہو،آننداور امر پریم میں بھی اداکاری کے جلوے دکھائے، اُن پر فلمائے گئے گیت سب سے زیادہ مقبول ہوئے۔
ڈمپل کپاڈیہ اور راجیش کھنہ کی دو نوں بیٹیوں نے فلموں میں قسمت آزمائی۔ ان میں سے ایک ٹوئنکل کھنہ بعد میں اکشے کمار کی شریک سفر بنیں۔ راجیش کھنہ نے سیاست میں حصہ لیا جبکہ 18جولائی 2012کو وہ اس دنیا سے چل بسے۔
Discussion about this post