ہماری چھوٹی بہن کو چینی کھانا بہت پسند ہے۔ لاہور میں شائد ہی کوئی چینی ریستوران ہو جہاں کا کھانا اس نے نہ کھایا ہو۔ چکن منچورین اور سپرنگ رول اس کے پسندیدہ ہیں۔ ہم نے چین آنے سے قبل اس کا پاسپورٹ بنوایا تھا تاکہ اسے چین بلوا کر اصل چینی کھانا کھلا سکیں۔ کرونا کی عالمی وبا کی وجہ سے ہمارا یہ منصوبہ ابھی تک ٹھپ پڑا ہوا ہے۔ ان حالات میں جو ہو سکتا ہے وہ ہم کر رہے ہیں۔ ہم اسے وقتاً فوقتاً یہاں سے چینی کھانوں کی تصاویر بھیجتے رہتے ہیں۔ کسی کھانے کی ترکیب مل جائے تو وہ بھی بھیج دیتے ہیں تاکہ وہ اسے خود بنا کر کھا سکے اور اصل چینی کھانے سے لطف اندوز ہو سکے۔ آج سوچا اپنے پڑھنے والوں کو بھی ایک اچھی سی ڈش کی ترکیب بتا دیتے ہیں۔

یہ ڈش چین کے مسلم اکثریتی صوبہ سنکیانگ کی ہے۔ یہاں کا کھانا ہمارے کھانے سے بہت حد تک ملتا جلتا ہے۔ اس میں گوشت کے ساتھ سبزیوں اور مصالحہ جات کا استعمال ہوتا ہے۔ اس ڈش کا نام یانگ رو کھائو رو اور نان ہے۔ چینی زبان میں بکرے یا بھیڑ کے گوشت کو یانگ رو کہا جاتا ہے۔ بار بی کیو ہوئے گوشت کو کھائو رو کہا جاتا ہے اور نان وہی ہے جو ہمارے ہاں نان کے نام پر ملتا ہے۔ بس یہاں کا نان ہمارے نان کے مقابلے میں بھاری اور خستہ ہوتا ہے۔
اس میں بار بی کیو یا گرلڈ بکرے کے گوشت کے ٹکڑوں کو نان کے ٹکڑوں کے ساتھ پکا کر کھایا جاتا ہے۔ اگر آپ اسے گھر پر بنانا چاہیں تو تھوڑی بہت تبدیلی کے ساتھ بنا سکتے ہیں۔ تو پڑھئیے ترکیب۔
اجزاء
بکرے کا گوشت ۔۔۔۔ 350 گرام
نان ۔۔۔۔ 2 عدد
پیاز (باریک کٹی ہوئی) ۔۔۔۔ ایک عدد
شملہ مرچ (باریک کٹی ہوئی) ۔۔۔۔دو عدد
لہسن (موٹے ٹکڑوں میں کٹا ہوا) ۔۔۔۔ 3 سے 4 جوے
نمک ۔۔۔۔ حسبِ ذائقہ
سوکھی ہوئی لمبی والی سرخ مرچ ۔۔۔ 3 سے 4 عدد
سویا ساس ۔۔۔۔ 1 کھانے کا چمچ
سرخ مرچ کُٹی ہوئی۔۔۔۔1چمچ
سفید زیرہ پائوڈر ۔۔۔۔۔ 1 چمچ
تیل ۔۔۔۔ دو کپ
ترکیب
نان کو چھری کی مدد سے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ ایک کڑاہی میں تیل گرم کریں۔ نان کے کٹے ہوئے ٹکڑوں کو تیل میں خستہ اور سنہری ہونے تک فرائی کریں۔
گوشت کو ایک انچ کے باریک ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ سوکھی ہوئی لمبی والی سرخ مرچوں میں سے ہر ایک کو تین سے چار ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ ایک فرائنگ پان میں دو چمچ تیل گرم کریں۔ تیل گرم ہو جائے تو اس میں کٹی ہوئی مرچیں ڈال کر چند سیکنڈز کے لیے فرائی کریں۔ پھر اس میں گوشت کے باریک کٹے ہوئے ٹکڑے ڈال کر دو منٹ تک فرائی کریں۔ گوشت کا رنگ تبدیل ہو جائے تو اس میں نمک، کُٹی ہوئی سرخ مرچ اور زیرہ پائوڈر ڈال کر بھونیں۔ پھر گوشت میں آدھا کپ پانی ڈال کر اسے گلنے کے لیے رکھ دیں۔
گوشت گل جائے اور تیل اس کی اطراف میں آ جائے تو فرائنگ پان میں لہسن ڈال کر مکس کریں۔ اس مرحلے پر چولہے کی آنچ تیز کر دیں۔
سنکیانگ میں اس ڈش میں سیچوان مرچ کے دانے بھی ڈالے جاتے ہیں۔ یہ دکھنے میں کالی مرچ کے دانوں کی طرح گول ہی ہوتی ہے لیکن اس کا ذائقہ منہ کے اندر ہلکا سا چبھنے والا ہوتا ہے جو اس ڈش کے ذائقے کو بڑھاتا ہے۔ اگر کسی کے پاس یہ ہوں تو اس کے آتھ سے دس دانے فرائنگ پان میں شامل کر لے۔

اب گوشت میں باریک کٹی ہوئی پیاز اور باریک کٹی ہوئی شملہ مرچ ڈال کر مکس کریں۔ ایک منٹ بعد سنہرے تلے ہوئے نان کے ٹکڑے بھی فرائنگ پان میں شامل کر دیں۔ تمام اجزاء کو ایک ساتھ دو سے تین منٹ کے لیے پکانے کے بعد ڈش میں نکال کر کھانے کے لیے سرو کر دیں۔
نوٹ: یہ اس ڈش کی بنیادی ترکیب ہے۔ چین کے مختلف علاقوں میں لوگ اپنی مرضی سے اس میں مختلف اجزاء کا اضافہ کرتے ہیں۔ شنگھائی کا ایک ریستوران اس ڈش میں بھنی ہوئی مونگ پھلی بھی ڈالتا ہے۔ کچھ ریستوران اس کے رنگ ابھارنے کے لیے اس میں مختلف رنگوں کی شملہ مرچ کا استعمال بھی کرتے ہیں۔ آپ اس میں بکرے کے گوشت کی جگہ چکن کا بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اس صورت میں اسے کرسپی فرائی کریں اور پھر سب اجزاء کے ساتھ مکس کر کے پیش کریں۔
Discussion about this post