مسلم لیگ قاف کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ حکومتی اتحادی جماعتوں کا جھکاؤ 100 فی صد اپوزیشن کی جانب ہے۔ قاف لیگ جو تحریک انصاف کی اہم اتحادی ہے، اس کے رہنما کی جانب سے اس بیان کے بعد حکومتی حلقوں میں ہلچل مچی ہے۔ چوہدری پرویز الہٰی نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اس وقت 100 فی صد مشکل میں ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعظم میں سمجھداری کا فقدان ہے۔ ناتجربہ کاری بہت ہے، حکومت نے اب دیر کردی شگاف پڑ گیا ہے۔ چوہدری پرویز الہٰی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو بدلہ لینے کا بڑا شوق ہے۔ سب کو نیب میں ڈالا۔ قاف لیگ ، اپوزیشن اتحاد کی طرف سے وزارت اعلیٰ کی پیش کش کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹ پرراضی ہےلیکن حکومت کی جانب سے کوئی پیش کش نہیں ہوئی۔ اگر ایسی پیش کش ہوئی تو اتحادی جماعتوں سے مشاورت کرکے ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے اس بات کا یقین دلایا کہ آصف علی زرداری چاہتے ہیں کہ موجودہ اسمبلیاں مدت پوری کریں، اسی لیے قبل از وقت الیکشن نہیں ہوں گے۔ انہوں نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے پی پی پی کے ساتھ 70 فی صد معاملات طے پاچکے ہیں۔ چوہدری پرویز الہٰی کے مطابق نون لیگ کے ساتھ اُن کی کوئی بات بنی تو ضامن آصف علی زرداری ہوں گے۔ انہوں نے اس بات کا بھی شکوہ کیا کہ وزیراعظم اتحادی جماعتوں سے مل تو رہے ہیں لیکن تحریک عدم اعتماد پر کوئی بات نہیں کرتے۔ قاف لیگ کے سینئر رہنما کہتے ہیں کہ وزیراعظم سوچیں کہ ہر کوئی ان کی حمایت کیوں کرنے پر آمادہ نہیں۔ جس صورتحال سے حکومت درپیش ہے، وہ اس کی اپنی پیدا کردہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت میں عقل، دور اندیشی اور سمجھ کا فقدان نظر آ رہا ہے کیونکہ یہ گھبرائے ہوئے ہیں۔ ’گھبراہٹ اور غصے کے فیصلے نظر آ رہے ہیں۔ چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ آپ کو تو ووٹ لینا ہے آپ کو تو عاجز ہونا چاہئے اگر تڑی لگائیں گے تو کوئی ووٹ دے گا۔ ہر چیز میں کرکٹ نہیں کرکٹ سیاست سے الگ ہوتی ہے۔ سارے لوگوں کو انہوں نے مجبور کردیا ہے کہ ان کو پڑ جائیں اب سارے مل کر ان کو پڑ جائیں گے تو ان کی روکنے کی جرأت ہوگی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ابھی تو بہت سارے ” سرپرائز” آنے والے ہیں۔
Discussion about this post