لاہورہائی کورٹ میں آن لائن گیم پب جی پر پابندی لگانے کے لیے شہری نے درخواست دائر کردی ہے۔ جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے یہ آن لائن گیم نوجوانوں کے ذہن پر منفی اثرات ایسے مرتب کررہا ہے، جس کی وجہ سے وہ اشتعالی رویہ اختیار کرتے ہیں۔ کئی نوجوان تو ایسے ہیں جو پب جی کھیلنے سے منع کرنے پر والدین کے خون سے ہاتھ رنگ چکے ہیں۔ درخواست گزار نے اس سلسلے میں لاہور میں ہونے والے اس واقعے کا حوالہ دیا ہے جس میں 18 برس کے نوجوان نے پب جی کھیلنے سے روکنے پر ماں، بہنوں اور بھائی کو خون میں نہلا دیا تھا۔ درخواست گزار کا موقف ہے کہ اس آن لائن گیم کو ریگولیٹ کیا جائے اور کوئی ایسا قانون متعارف کرایا جائے، جس کے ذریعے پب جی پر یا تو پابندی لگے یا کوئی ضابطہ اخلاق ہو۔ لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں وفاقی حکومت، پی ٹی اے اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
Discussion about this post