نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی یعنی نادرا کا بینکنگ سسٹم کے لیے بہترین اور انقلابی قدم ہی اسے تصور کیا جاسکتا ہے۔ جس سے صارفین کو خاصی سہولت مل جائے گی۔جس کے نتیجے میں گھر بیٹھے ہی انگوٹھے کے نشان کی تصدیق ممکن ہوسکے گی۔ چیئرمین نادر ا طارق ملک نے اس سلسلے میں اسلام آباد میں اسٹیٹ بینک کے گورنر رضا باقر سے بھی ملاقات کی۔ جنہیں ’کنٹیکٹ لیس بائیو میٹرک تصدیق‘ پر بریفنگ دی گئی۔
گھر بیٹھے بائیو میٹرک تصدیق کیسے ہوگی؟
حال ہی میں نادرا نے اسمارٹ فون کے لیے ’پاک آئی ڈی‘ اپلی کیشن متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے شناختی کارڈ کا حصول اور تصدیق نادرا آفس جائے بغیر ممکن ہوسکے گی ۔اب جدید ٹیکنالوجی کو بینکنگ سیکٹرز کے لیے ’کنٹیکٹ لیس بائیومیٹرک تصدیق‘ میں استعمال کیا جائیگا۔ صارفین گھر میں رہتے ہوئے اپنے انگوٹھے کے نشانات متعلقہ بینک کو سینڈ کرکے بائیو میٹرک تصدیق کراسکتے ہیں۔ نادرا کی یہ ’کنٹیکٹ لیس بینکنگ‘ سہولت آزمائشی بنیادوں پر اسٹیٹ بینک کے نامزد 5بینکوں میں دی جائے گی۔جس کے بعد اس کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔ جس کے نتیجے میں صارفین اسمارٹ فون میں نادرا کی اپلی کیشن کے ذریعے ناصرف بینک کھاتے کھلواسکیں گے بلکہ ایسی لین دین میں بھی انہیں آسانی ہوجائے گی، جس میں بائیو میٹرک تصدیق درکار ہوتی ہے۔ نادرا اسے پاکستان میں بینکاری شعبے کے لیے انقلابی دور کا آغاز قرار دیتا ہے۔ جس میں پہلے ’برانچ لیس بینکنگ‘ کا تصور متعارف کرایا گیا اور اب اس ٹیکنالوجی کی بدولت یہ کنٹیکٹ لیس بینکنگ کی جانب کامیاب قدم ہے۔
چیئرمین نادر ا طارق ملک کا کہنا ہے کہ ’ڈیجیٹل پاکستان‘ اور ’ڈیجیٹل آئی ڈی‘ کے حوالے سے کیے جانے والے یہ اقدامات عوام کی سہولت کے پیش نظر کیے جارہے ہیں۔ وہ اس بات پر بھی فخر محسوس کرتے ہیں کہ پاکستان دنیا کا پہلا ملک ہے جو موبائل فون پر نادر ا کی اپلی کیشن کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت دے رہا ہے۔ ان کے مطابق وہ دن دور نہیں جب ووٹر گھر بیٹھے ہی اپنے ووٹ کی تصدیق کریں گے۔
#SBP & #NADRA launch revolutionary contactless #biometric verification services for banking industry. Rapid onboarding #eKYC branchless banking #FinancialInclusion -now just a scan away! #DigitalPakistan #DigitalFinance
🇵🇰 #PakistanZindabad /1 pic.twitter.com/DRHrJXm68v— Tariq Malik ™ (@ReplyTariq) September 9, 2021
Discussion about this post