پاکستانی نژاد 29 سالہ برطانوی محمد مالک کو تلاش ہے اپنے جیون ساتھی کی جس کے لیے انہوں نے انگلینڈ کے شہر برمنگھم کے مختلف مقامات پر باقاعدہ اشتہارات لگوادیے ہیں۔ بلند و بالا بل بورڈز پر محمد مالک نے ناصرف اپنی تصویر لگوائی بلکہ ساتھ ہی اس خواہش کا بھی اظہار کیا ہے کہ انہیں ارینج میرج سے بچایا جائے۔
ارینج میرج سے متعلق مالک کا کہنا تھا کہ وہ اس تصور کے خلاف نہیں لیکن پہلے اپنے طور پر کسی کو تلاش کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ اشتہار برائے رشتہ کے یہ بل بورڈز برمنگھم کی سڑکوں پر 14 جنوری تک قائم رہے گے۔
محمد مالک کے مطابق شادی کے رشتے کی اس انوکھی تلاش کو ان کے خاندان کی بھی حمایت حاصل ہے تاہم اپنی والدہ کو منانے کے لیے انہیں تھوڑی مشکل پیش آئی تھی۔ محمد مالک نے اپنی ہمسفر ڈھونڈنے کے کئی دیسی طریقے بھی اپنائے جن میں رشتہ آنٹیوں سے رابطے سے لیکر ڈیٹنگ ایپس اور کچھ ڈیٹنگ ایونٹس کو بھی آزمایا لیکن یہاں صرف انہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملا آخرکار ایک دوست کے مشورے پر انہوں نے اپنی ویب سائٹ بنانے کی ٹھانی اور معقول رشتے کی تلاش کے لیے ایک ویب سائٹ بنائی جس میں انہوں نے ویب سائٹ کو تشکیل دینے کا مقصد واضح کیا، محمد مالک کی جانب سے دی گئی تفصیلات کے مطابق انہیں ایک ایسی ساتھی کی تلاش ہے جس کا مذہب مسلم ہو اور وہ اپنی روایات اور مذہب کو اچھے طریقے سے لے کر چلے۔
محمد مالک کا کہنا ہے کہ بل بورڈز پر اشتہار کے بعد ان کے پاس دلچسپی کا اظہار کرنے والوں کے سینکڑوں پیغامات موصول ہوئے ہیں جنھیں وہ تسلی اور آرام سے جواب دیں گے۔
Discussion about this post