کابل میں ہوائی جہاز کے پہیوں پر سوار لوگوں کے گرنے کے واقعے نے امریکا میں نائن الیون حملے میں بلڈنگ سے شہری کے گرنے کے خوفناک واقعے کی یاد تازہ کردی۔ دونوں واقعات کو ایسوسی ایٹڈ پریس کے فوٹو گرافر رچرڈ ڈریو نے اپنے کیمرے میں محفوظ کیا۔
امریکا میں 11 ستمبر سال 2001ء کو طیارہ حملے کے بعد ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی عمارت سے جان بچانے کیلئے ایک شخص کے کودنے کی تصویر کئی اخبارات کی زینت بنی تھی۔
گزشتہ روز کابل میں بھی کافی بلندی سے لوگوں کے گرنے کا ایک واقعہ پیش آیا جب کابل ایئر پورٹ پر ایک امریکی طیارے کے پہیوں پر کچھ لوگ سوار ہوئے، طیارے نے اڑان بھری تو کافی بلندی سے کئی لوگ گر کر اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔
یہ دونوں تصاویر ایسوسی ایٹڈ پریس کے فوٹو گرافر رچرڈ ڈریو نے اپنے کیمرے میں محفوظ کیں۔ فوٹوگرافر نے محسوس کیا ہے کہ دونوں تصاویر پر اخباری خبروں، جن میں ان پر تصاویر پر تبصرہ کیا گیا، کو قارئین کی جانب سے پریشان کن قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
نائن الیون حملے میں کئی ہزار لوگ ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد امریکا نے القاعدہ کیخلاف جنگ کا اعلان کرتے ہوئے افغانستان پر حملہ کرکے طالبان حکومت کا خاتمہ کردیا تھا۔
طالبان کی جانب سے کابل پر 20 سال بعد قبضے کے بعد سیکڑوں کی تعداد میں افغان شہری ملک چھوڑ کر جانے کیلئے ایئرپورٹ پر جمع ہوئے اور زبردستی امریکی طیاروں میں سوار ہونے کی کوشش کی۔
کابل ایئر پورٹ پر امریکی طیارے سے گرنے کے واقعے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ فائرنگ کے واقعے میں بھی 5 افراد جاں بحق ہوئے۔
Discussion about this post