اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اُن کی حکومت ملکی معیشت مستحکم چھوڑ کر گئی تھی، ملک کو خطرناک معاشی بحران میں دھکیلا جارہا ہے۔ بہت تجربات ہوچکے،شہباز شریف کو گھر بھیج کر الیکشن کرائے جائیں۔ اس سوال کے جواب میں کہ اگر عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تو فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جس نے بھی عمران خان کو گرفتار کیا اس کا ملک میں رہنا مشکل ہوجائے گا۔ وہ اپنا پاسپورٹ کمبوڈیا کا بنوالے۔ شہباز شریف 4 بیرون ملک دورے ایک ہی ماہ میں کرچکے ہیں۔ بڑے صوبے پنجاب میں حکومت نہیں۔ ایک وزیر خزانہ لندن میں ہے تو دوسرا پاکستان میں۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ 90 دن سے ایک بھی دن اوپر عبوری حکومت قبول نہیں کریں گے۔ اگلے 48 گھنٹے بہت اہم ہیں لیکن ان گھنٹوں سے بھی حکومت کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ بلکہ یہ 48 گھنٹے بھی اس حکومت کے لیے بہت زیادہ ہیں۔ فواد چوہدری نے ایک بار پھر واضح کیا کہ الیکشن کمیشن کو ہر وقت انتخابات کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ الیکشن نہ کرانا الیکشن کمشنر کی صریحاً بدنیتی ہے۔
Discussion about this post