امریکی شہر کیلی فورنیا کے سیکوئیا نیشنل پارک میں خوف ناک آگ نے 11ہزار سے زائد ایکڑرقبے کواپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ جس پر قابو پانے کی جستجو ہورہی ہے۔ سب سے زیادہ خطرہ تو یہ سروں پر منڈلا رہا ہے کہ کہیں دنیا کے سب سے بڑے درخت ’جنرل شرمن‘ اس کی زد میں نہ آجائے، اسی لیے 275فٹ بلند اور 36ڈائی میٹر پر پھیلے اس بڑے سے درخت کوایلومینیم فوئل پیپر سے لپیٹ دیا گیا ہے۔

خوف ناک آگ9ستمبر کو لگی تھی، جب آسمانی بجلی گری تھی۔ جس کے بعد پارک کے دروازے مہمانوں کے لیے بند کردیے گئے تھے۔ ریسکیو آپریشن کے ذریعے آگ بجھانے کا عمل جاری ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ آگ نے سیکوئیا نیشنل پارک کے بڑے رقبے کو متاثر کیا ہے۔ پارک انتظامیہ نے ایک ٹیم تشکیل دی ہے جو ’جنرل شرمن‘ کی حفاظت پر مامور کردی گئی ہے۔
کہا جارہا ہے کہ ایلومینیم فوئل پیپر کی خاصیت یہ ہے کہ یہ شدید گرمی برداشت کرنے کی اہلیت رکھتا ہے، جسے کئی برسوں سے مغربی امریکا بھر میں آگ سے متاثرہ درختوں اور گھروں کو بچانے کے لیے استعمال کیاجارہا ہے۔ دوسری جانب سائنس دانوں کا کہناہے کہ موسمیاتی تبدیلی نے خطے کو گزشتہ 30برس میں گرم اور خشک بنادیا ہے، جس سے اورجنگلات میں آگ بھڑکنے کا خدشہ ہے۔
Discussion about this post