بھارتی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے ہٹنے والے روی شاستری نے کرکٹ بورڈ پر سنگین الزامات کی بوچھاڑ کردی ہے۔ روی شاستری نے اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں یہ دکھڑا رویا کہ جب وہ کوچنگ کررہے تھے تو اُنہیں کئی سازشوں کا سامنا کرنا پڑا۔ بدقسمتی سے یہ ساری سازشیں کوئی اور نہیں بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیدارکرتے۔ جن کی کوشش ہوتی کہ کسی طرح روی شاستری کو ناکام کیا جائے۔ان کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ میں موجود کچھ عناصر انہیں اور بالنگ کوچ بھرت ارون کو ہر صورت میں نکالنے کے لیے سازشوں کے جال بنتے رہے ہیں۔روی شاستری کا کہنا تھا کہ جب2017میں دوبارہ اُنہیں کوچنگ کے لیے نامزد کیا جارہا تھا تو پوری کوشش کی گئی کہ اُنہیں کسی طرح یہ عہدہ نہ ملے۔
یاد رہے کہ 2014میں روی شاستری کو ہیڈ کوچ سے ہٹا کر انیل کمبلے کو یہ اعزاز دیا گیا لیکن ایک بار پھر سابق آل راؤنڈر کو یہ ذمے داری دی گئی تھی۔ وہ کہتے ہیں کہ جس طرح انہیں ہٹایا گیا تھا کہ وہ طریقہ کسی صورت درست نہیں تھا۔ روی شاستری نے اس انٹرویو میں سلیکٹرز پر بھی کئی سوال اٹھائے ہیں۔روی شاستری کہتے ہیں کہ 2019کے عالمی کپ میں ٹیم کا انتخاب درست نہیں تھا۔ اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں دھونی کے ہوتے ہوئے 2اور وکٹ کیپر راشپن اور دنیش کارتھک رکھے گئے۔ جبکہ ان دونوں کی جگہ کئی اور بلے باز ہوتا تو صورتحال مختلف ہوتی۔
روی شاستری نے اس بات کا ضرور افسوس کیا کہ ان کے دور میں بھارتی ٹیم کوئی بھی آئی سی سی ٹرافی جیت نہیں پائی۔ بالخصوص چمپیز ٹرافی میں پاکستان سے فائنل سے ہار پر بھی وہ رنجیدہ نظر آئے۔اسی طرح انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ ٹیسٹ چمپین شپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکت پر وہ ہمیشہ افسوس ہی کریں گے۔
اس حقیقت سے انکار نہیں کہ روی شاستری بھارتی تاریخ کے سب سے زیادہ کامیاب ترین ہیڈ کوچ رہے ہیں۔ان کے دور میں بھارت نے 25ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کی۔ جیت کا تناسب 58فی صد رہا۔ آسٹریلیا کو ان کی ہی سرزمین میں 2بار بھارت نے ہرایا۔40ماہ تک ٹیسٹ درجہ بندی میں بھارت نمبر ون رہا۔
اسی طرح مسلسل 7ٹیسٹ جیتنے کا ریکارڈ بھی بنا۔ یہی نہیں شاستری کے دور میں بھارت نے ٹیسٹ میچوں میں ایک اننگ سے مسلسل 4بار کامیابی حاصل کرکے بھی نیا ریکارڈ بنایا۔ جبکہ ون ڈے میچوں میں بھارتی ٹیم کو 66میچوں میں جیت ملی۔ اسی طرح ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 50میں سے 32میچوں میں وہ سرخرو رہے۔روی شاستری کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی دکھانے پر کوچنگ سے ہٹایا گیا تھا۔ اُن کے ساتھ ساتھ اب کوہلی سے بھی ون ڈے کی کپتانی چھین لی گئی ہے۔ جبکہ ٹیم کے نئے کوچ راہول ڈریوڈ اور کپتان روہیت شرما ہیں۔
بشکریہ ٹوئٹر
Discussion about this post