سات دن کی معصوم گڑیا کو قتل کرنے والا سفاک درندہ باپ شاہ زیب کو ہتھکڑیاں لگ گئیں، ڈی پی او میانوالی اسمعیل الرحمن کھاڑک نے بتایا کہ اس درندے کو بھکر سے گرفتار کیا گیا۔ یہ وہی بے رحم باپ جس نے پانچ گولیاں اُس ننھی منی سی پری کے سینے میں اتریں جس کا نام تک نہیں رکھا گیا تھا۔ شاہ زیب کو بیٹے کی خواہش تھی لیکن پہلی اولاد بیٹی ہونے پر اس کا خون کھول اٹھا۔
قتل کی یہ خوف ناک اور لرزہ خیز درندگی دکھانے کے بعد شاہ زیب بھاگ نکلا تھا لیکن میانوالی کی پولیس نے آخر کار اسے جکڑ لیا۔ ڈی پی او میانوالی اسمعیل الرحمن کھاڑک کا کہنا ہے کہ وہ اس کیس کی تفتیش خود کریں گے اور اس وحشی قاتل کو عبرت ناک سزا دلا کر رہیں گے۔
شاہ زیب اور اس کی بیوی آپس میں کزن ہیں دو سال پہلے ہی دونوں کی شادی ہوئی۔ پہلی اولاد بیٹی ہونے پراس نے سات دن تک اس ننھی منی سی کلی کو برداشت کیا اور پھر اُس سے جینے کا حق چھین لیا اور وہ بھی ایسے وقت میں جب گھر میں مبارک باد دینے والے مہمان اکٹھے تھے۔
ڈی پی او میانوالی اسمعیل الرحمن کھاڑک کے مطابق اس وحشیانہ عمل میں شاہ زیب کے گھروالوں کا بھی کردار ہے۔ ڈی پی او نے ملزم کو پکڑنے والے پولیس کے جوانوں کے لیے انعام کا بھی اعلان کیا۔
Discussion about this post