اسمارٹ فون تیار کرنے والی جنوبی کورین کمپنی ’سام سنگ‘نے پاکستان میں ہی موبائل فون کی تیاری کا آغاز کردیا ہے۔ اس بات کا اظہار سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کے چیئرمین فیصل سبزواری نے کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ کمپنی نے صرف4ماہ کے عرصے میں باقاعدہ طور پر پاکستان میں موبائل فون کی پروڈکشن شروع کردی ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے امید کی جارہی ہے کہ مستقبل میں پاکستان کا درآمدی بل بھی کم ہوجائے گا۔
فیصل سبزواری کے مطابق پروڈکشن یونٹ کا دورہ بھی کیا جاچکا ہے اور یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ یہ جدید ترین انداز میں پروڈکشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ اسمبلنگ میں ترقی کرتے ہوئے صنعت کو مقامی بنانے کی کوشش بھی کی جائے گی۔پاکستانی سینیٹرز کی سام سنگ کمپنی کے اعلیٰ ترین عہدوں پر کام کرنے والے منیجرز سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔ جنہوں نے سینیٹرز کو پروڈکشن کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔
پاکستان میں سام سنگ کے شراکت دار لکی گروپ کے چیف محمد علی ٹبہ کہتے ہیں کہ اُن کا ڈھائی سے 3لاکھ کی پروڈکشن کے ساتھ سالانہ 30لاکھ موبائل فون تیار کرنے کا عزم ہے۔ اُن کے مطابق روبوٹک مدد کے تحت پروڈکشن دستی طریقے سے کررہے ہیں۔ موبائل فون کی پاکستان میں پروڈکشن کے ذریعے ملک میں ملازمت کے نئے مواقع بھی روشن ہوں گے، جس سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوسکے گا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کے اعدادو شمار بتاتے ہیں کہ رواں سال کے ابتدائی 10مہینوں کے دوران مقامی مینوفیکچرنگ پلانٹ سے موبائل فونز کی پیداوار دگنی ہو کر ایک کروڑ 88 لاکھ 70 ہزار کی سطح پر جا پہنچی جبکہ درآمد شدہ فونز کی تعداد 4 کروڑ 50 لاکھ رہی۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے 4ماہ کے دوران 64 کروڑ 46 لاکھ 70 ہزار ڈالرز مالیت کے فونز درآمد ہوئے، جس کا اگر گزشتہ سال کے اسی عرصے سے موازنہ کیا جائے تو اس میں 15.54 فیصد اضافہ ہوا۔
Discussion about this post