رائن زار اور آئزک زار انتہائی کم عمر ہیں لیکن طبلے پر دونوں کے ہاتھ خوب چلتے ہیں۔ پاکستانی قومی ترانہ ہی نہیں دنیا کے چند ممالک کے ترانوں کو طبلے پر پیش کرتے ہوئے کمال مہارت سے گلوکاری کرچکے ہیں۔ اب ایسے میں جب دنیا بھر میں سعودی عرب کا قومی دن منایا جارہا ہے تو 12سال کے رائن زار اور 8برس کے آئزک زار نے اسے یادگار بنانے کے لیے کچھ منفرد انداز میں سوچا۔ دونوں نے پٹیالہ گھرانے کے استاد رستم فتح علی خان کو ساتھ ملا کر سعودی عرب کے بانی شاہ عبدالعزیز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سعودی قومی ترانہ گنگنادیا۔ جو سوشل میڈیا پر پذیرائی حاصل کرتا جارہا ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی نے سعودی ترانے کو اس انداز میں پیش کیا ہو۔ دونوں باصلاحیت گلوکاروں کے والد ڈاکٹر شہزاد زار کا کہنا ہے کہ اس قومی ترانے کے لیے رواں سال کے آغاز سے تیاری شروع کردی تھی۔ اِدھر دونوں بھائیوں کے لیے یہ بات بڑی پریشان کن تھی کہ انہیں عربی زبان میں سعودی ترانہ ریکارڈ کرنا ہے لیکن رائن اور آئزک نے ہمت نہیں ہاری۔ بھرپور تربیت کی اور پھر رستم فتح علی خان کے ساتھ یہ ترانہ پیش کیاجو دلوں کو چھو گیا۔ سعودی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے باصلاحیت پاکستانی بچوں کے والد کا کہنا ہے کہ یہ ترانہ پاکستانی عوام کی جانب سے سعودی عرب کے بھائیوں کے لیے تحفہ ہے۔ دونوں بھائیوں کی اس کاوش پر پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نائف الملکی نے خصوصی سوؤئنر بھی پیش کیا۔
Discussion about this post