کورونا وبا کے باعث لوگوں کی زندگیوں میں تفریح کے مواقع برائے نام رہ گئے تھے لیکن اب جوں جوں ویکسینیشن کے عمل کے ثمرات سامنے آرہے ہیں دنیا واپس اپنے معمول کی طرف لوٹ رہی ہے۔ کھیلوں کے میدانوں کے ساتھ ساتھ سینما گھر بھی کھلنا شروع ہو گئے ہیں۔ 2020 میں کورونا کی آمد سے پہلے ہالی ووڈ میں کچھ ایسی بڑی فلمیں بننا شروع ہوئی تھیں جن کی وبا کی وجہ سے یا تو شوٹنگ تاخیر سے ہوئی یا پھر ان ریلیز ڈیٹس کو آگے بڑھانا پڑا۔۔حالانکہ فلم میکرز اسٹریمنگ سروسز سے معاہدے کر کے اپنی سرمایہ کاری بچانے کی کوششوں میں رہے لیکن اس کے باوجود فلم بین سنیما کھلنے کے لئے انتظار کرنے پر بھی آمادہ نظر آئے۔ رواں سال کے آخری مہینوں میں جو بڑی فلمیں ریلیز ہونے جارہی ہیں ۔ اُن پر ڈالتے ہیں ایک نظر۔
دی میٹرکس ریزیریکشن
اس سال کی سب سے بڑی فلم میٹرکس ریزیریکشن 22 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی. یہ میٹرکس فلم سیریز کا چوتھا حصہ ہے. چند روز قبل منظر عام پر آنے والے فلم کے ٹریلر نے دھوم مچا دی تھی جس میں کیانو ریوز کی بطور غیر معمولی ہیرو واپسی ہوئی۔ فلم میں بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا یحییٰ عبدالمتین دوم کا کردار نبھا رہی ہیں۔ سائنس فکشن ایکشن میٹرکس سیریز کی پہلی فلم 1999 میں ریلیز ہوئی جو ایک میگا ہٹ فلم تھی۔ اس منصوبے کے زریعے اس وقت 46 کروڑ امریکی ڈالر کی کمائی ہوئی۔ یہ فلم متعدد فلسفیانہ اور مذہبی خیالات کے حوالے دیتی ہے اور نمایاں طور پر ادب کے شاہکاروں کا خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ گزشتہ2 سیکوئل 2003 میں بڑے پردے کی زینت بنے، فلم میں اداکار لارنس فشبرن نے مورفیئس کا کردار ادا کیا جبکہ کیری این موس ٹرینٹی کے کرداروں میں نظر آئے۔
اسپائڈرمین نو وے ہوم
امریکہ کے فلم اینڈ ٹیلی ویژن اسٹوڈیو ‘مارول اسٹوڈیو’ کی سپر ہیرو پر مبنی فلم ‘اسپائڈر مین: نو وے ہوم’ سنیماوں میں لگنے سے پہلے ہی کھڑکی توڑ ثابت ہوئی اور اس کے ٹریلر نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔ فلم کا ٹریلر ریلیز ہونے کے 24 گھنٹوں کے دوران اسے دنیا بھر میں 35 کروڑ 55 لاکھ مرتبہ دیکھا گیا جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ مارول اسٹوڈیوز کی ہی فلم ‘ایونجرز: اینڈ گیم’ کے پاس تھا۔ ‘اسپائڈر مین: فار فروم ہوم’ میں پیٹر پارکر یعنی اسپائڈر مین کی شناخت ولن مسٹیریو کے ہاتھوں بے نقاب ہوتی ہے اور اب ‘اسپائڈر مین: نو وے ہوم’ میں پیٹر پارکر اپنی شناخت بے نقاب ہونے کی وجہ سے پریشان دکھائی دیتا ہے اور وہ اس سلسلے میں فلم کے کردار ڈاکٹر اسٹیفین اسٹرینج کی مدد لیتا نظر آئے گا۔
ہوم سوئٹ ہوم الون
کوئی 32 سال پرانی فلم ’ہوم الون‘ کے سلسلے کی ایک اور فلم ہوم سوئٹ ہوم الون کی کہانی ایک 10 سال کے ہوشیار بچے کے گرد گھومتی ہے جس کا خاندان ٹوکیو جاتے ہوئے اسے اتفاقی طور پر گھر پر چھوڑ گیا۔ پھر یہ دکھایا گیا ہے کہ اپنی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے کس طرح یہ بچہ اپنے ساتھ ہونے والے غیر معمولی واقعات سے نمٹا۔ ڈین مازر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 12 نومبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
ویسٹ سائیڈ اسٹوری
طویل عرصے سے فلمبندی کے مراحل سے گزرتی اسٹیون اسپیل برگ کی ویسٹ سائیڈ اسٹوری 10 دسمبر کو اپنی ریلیز کے ساتھ ہی باکس آفس پر طوفانی کامیابی سمیٹتی نظر آئے گی۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ 1961 کی تاریخی فلم کے بجائے اسٹیون سونڈیم کے میوزیکل کے زیادہ قریب ہے۔ اس نئے ورژن میں اینسٹ الگورٹ بطور ٹونی اور نوآمد ریچل زلگر بطور ماریا شامل ہیں جنہوں نے بذریعہ ٹوئٹر اپنے ویڈیو آڈیشن سے 30 ہزار امیدواروں کو شکست دے کر یہ کردار اپنے لیے بُک کروایا۔
نائٹ مئیر ایلی
فلم بین اور ناقدین مضبوط اسٹوری لائن اور پلاٹ کی وجہ سے فلم نائٹ مئیر ایلی کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔ کہانی ایک ایسے دھوکے باز شخص اسٹینٹن پر مبنی ہے جو امیر زادوں کو اپنے زہن پڑھنے کی صلاحیت کا استعمال کرتے ہوئے لوٹ لیتا ہے، لیکن پھر اسکی ملاقات ایک ایسی ماہرنفسیات سے ہوتی ہے جو اس کے دھوکے کو بے نقاب کردیتی ہے۔ فلم کی مکمل کہانی سے پردہ اٹھے گا 17 دسمبر کو جب ہالی وڈ فلم نائٹ مئیر ایلی پردہ اسکرین پر جلوہ گر ہوگی۔
امریکن انڈر ڈاگ
امریکن انڈر ڈاگ بھی عین کرسمس کے قریب یعنی 25 دسمبر ہی کو ریلیز ہوگی۔ اسپورٹس ژانرا کی اس فلم کی کہانی دراصل مقامی نیشنل فٹ بال لیگ کے لیجنڈری کوارٹر بیک کرٹ وارنر کی زندگی پر مشتمل بائیوگرافی سے ماخوذ کی گئی ہے۔ کرٹ وارنر امریکا کے سب سے بڑے فٹ بال مقابلے سوپر بول میں ان ڈرافٹڈ کھلاڑی ہونے کے باوجود اپنے کھیل سے پورے ملک میں تہلکہ مچانے کے لئے مشہور ہوئے۔
اینکینٹو
اینی میٹڈ میوزیکل فلم ‘اینکینٹو’ 24 نومبر سے 30 دن تک سینما گھروں میں چلے گی اور کرسمس سے عین قبل اسے ڈزنی پلس پر ریلیز کیا جائے گا۔ یہ فلم ایک ایسے خاندان کی کہانی بیان کرتی ہے جو کولمبیا کے پہاڑوں میں ایک جادوئی گھر میں رہائش پذیر ہے اس میں ‘ہیملٹن’ کے لین-مینوئل میرانڈا کی تحریر کردہ موسیقی شامل ہے۔
ایٹرنلز
ہالی ووڈ اسٹار انجلینا جولی مارول سنیماٹک یونیورس کی فلم ‘ایٹرنلز’ میں سپر ہیرو تھینا کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم میں کمیل نانجیانی، سلمیٰ ہائیک، کٹ ہارنگٹن، رچرڈ میڈن، برائن ٹائری ہنری، جیما چن، اور بیری کیوگھن بھی شامل ہیں۔ یہ فلم 5 نومبر کو بڑے پردے پر روشنی بکھیرے گی۔ سپر ہیروز کی اس فلم کو بنانے میں 200 ملین ڈالرز کی لاگت آئی ہے۔ ٹریلر میں فلم کے غیرمعمولی کرداروں کو سپر ہیومن پاورز کے ذریعے ایک اسپیس شپ میں ساحل سمندر کی جانب جاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
گھوسٹ بسٹرز: آفٹر لائف
یہ گوسٹ بسٹرز فرنچائز کی چوتھی فلم تو ہے لیکن یہ ‘گوسٹ بسٹرز ٹو’ کا سیکوئل ہے۔ اور اسی لیے پہلی 2 فلموں کی لیڈ کاسٹ اس فلم کا حصہ ہے۔ ڈین ایکروئیڈ، بل مرے اور ارنی ہڈسن اس فلم میں شامل ہیں۔ لیکن کہانی ان کی نہیں، بلکہ ان بچوں کے گرد گھومتی ہے جو اپنی ماں کے ساتھ اپنے آنجہانی نانا کے فارم میں شفٹ ہوتے ہیں۔ جب ان کے علاقے میں غیر معمولی زلزلے آتے ہیں تو انہیں اندازہ ہوتا ہے کہ یہ زلزلے نہیں بلکہ بھوتوں کو کارستانی ہے۔ اور یہاں سے گوسٹ بسٹرز کی واپسی ہوتی ہے۔ فلم 11 نومبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
Discussion about this post