شادی سے انکار پر سفاکیت اور جلادیت کی داستان وہ لکھی گئی ، جس نے ہر ایک کو خوف زدہ کردیا، سکھر کی 18 برس کی پوجا کماری کا قصور صرف یہ تھا کہ وہ واحد لاشاری سے شادی نہیں کرنا چاہتی تھی لیکن جنونی عاشق بار بار اصرار کرتا، اسے تنگ کرتا لیکن پوجا کماری کی طرف سے ہر بار انکار ہی ملتا، اس ناکامی کا بدلہ اس بے رحم انسان نے لینے کی ٹھان لی۔
دو اور دوستوں کے ساتھ پہلے گھر میں گھس کر پوجا کماری کو اغوا کرنے کی کوشش کی، جس پر پوجا نے قینچی کو ہتھیار بنا کر مزاحمت کی۔ آگ بگولہ ایسا ہوا کہ اندھا دھند گولیاں برسا کر پوجا کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس نے اس وحشی عاشق کو ہتھکڑیاں لگا کر سلاخوں کے پیچھے کردیا۔ جس نے اعتراف کرلیا کہ وہ پوجا کے پیار میں ایسا دیوانہ ہوا تھا کہ اسے اپنی دلہن بنانے پر اڑ گیا تھا۔ 18 برس کی لڑکی کے بار بار انکار نے جیسے اس کا خون کھولا دیا ۔ جبھی اس نے اغوا کرنے کا منصوبہ بنایا ۔ جس میں کامیابی نہ ملی تو پوجا کماری کی زندگی کا خاتمہ کرکے اس کے بوڑھے والدین کو وہ غم دیا جس کا انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وہ دیگر ملزمان کو بھی پکڑنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ پوجا اپنی چھ بہنوں میں سب سے بڑی تھی ۔ اس دلخراش واقعے پر سوشل میڈیا پر قاتل کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے واحد لاشاری کے دیگر ساتھیوں کو بھی ہتھکڑیاں لگانے پر زور دے رہے ہیں۔
Discussion about this post