مغل بادشاہ شاہ جہاں نے تو ممتاز محل کی یاد میں ’تاج محل‘ کی تعمیر کرائی تھی۔ وہی ’تاج محل‘ جو دنیا کے 8عجوبے میں سے ایک ہے۔ جس کی فن تعمیر مثالی تصور کی جاتی ہے۔ جہاں آکر جوڑے شاہ جہاں اور ممتاز محل کی طرح زندگی بھر پیار و محبت سے رہنے کی قسمیں کھاتے ہیں۔
اب بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے استاد آنند پرکاش نے شاہ جہاں کی اسی محبت اور عقیدت کو دہرایا ہے۔ آنند پرکاش نے بھورن پور میں یہ شاہکار تعمیر کرایا۔ ممتاز محل کے برعکس ان کی شریک سفر منجو شاہ حیات ہیں، جن کی زندگی میں ہی یہ تاج محل بن گیا ہے ۔جو آنند پرکاش کی طرح تدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں۔
ایک ہزار اسکوائر رقبے پر پھیلے تاج محل کی اس کاپی کے ہر گوشے سے ایک شوہر کی محبت اور عقیدت جھلکتی ہے۔ جس کی تعمیر میں 3سال کا عرصہ لگا جبکہ اس کے لیے ماہر فن تعمیرات کی خدمات حاصل کی گئیں۔
یہ ماڈرن دور کا تاج محل 2منزلہ ہے جس میں دو وسیع و عریض کشادہ بیڈ روم بھی ہیں۔ اسی طرح یہاں آپ کو کچن، لابرئیری کے ساتھ کامن روم بھی ملے گا۔ اب اس شاہکار کا نظارہ کرنے دور دور سے مہمان آتے ہیں۔
Discussion about this post