اسٹائلش بیٹر اور پاکستان کے سابق کپتان ظہیر عباس باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہوگئے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین نےظہیر عباس کو پی سی بی ہال آف فیم کی اعزازی ٹوپی اور اعزازی پلاک پیش کی۔ یہ تقریب 12 مارچ بروز ہفتہ کو پاکستان اورآسٹریلیا کے مابین جاری بینو قادر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ کے کھیل میں کھانے کے وقفے کے دوران منعقد کی گئی۔ اس سے قبل وسیم اکرم اور فضل محمودبھی پی سی بی ہال آف فیم کا باضابطہ حصہ بن چکے ہیں۔
ظہیر عباس کا کہناہے کہ وہ اپنے ہوم گراؤنڈ پرموجود ہزاروں شائقین کرکٹ کے سامنے اس باوقار انداز میں یہ اعزاز دئیے جانے پر بہت خوش ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تقریباً دو دہائیوں تک پاکستان کی نمائندگی کو وہ خود کے لیے بہت بڑا اعزاز سمجھتے ہیں۔ سابق کپتان نے کہا کہ انہیں اپنے دور کے عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ اور خلاف کھیلنے کی بہت خوشی ہے۔اس دور میں کرکٹ کے ضوابط آج کی طرح سخت تو نہ تھے مگر کھیل کے مواقع محدود تھے تاہم اس کے باوجود خدمات کا اعتراف انعامات اور تعریف ہمیشہ اطمینان بخش انداز سے کیا جاتا تھا۔
لیجنڈری بیٹر کا کہناہے کہ کرکٹ جینٹلمین گیم ہےاور انہیں خوشی ہے کہ یہ خوبصورت کھیل جدید دور کے ایلیٹ کرکٹرز کے محفوظ ہاتھوں میں ہے جو دن بہ دن اس کھیل کے معیار کو بڑھانے کے لیے اپنی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں تاکہ نوجوان نسل کی بھرپو ر توجہ حاصل کی جاسکی۔ انہوں نے کہا کہ وہ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کو24 سال بعد ایک مرتبہ پھر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ایکشن میں دیکھ کر بہت خوش ہیں۔ انہیں امید ہے کہ اس سیریز میں کانٹے دار مقابلے ہوں گے، جس کے نتیجے میں کرکٹ کا معیار مزید بلند ہوگا۔
ظہیر عباس نے کہا کہ وہ پی سی بی، اپنے خاندان، دوستوں اور اپنے تمام ہم عصروں کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے اس یادگار سفر میں ان کا ساتھ دیا۔
Discussion about this post