بالی وڈ میں یہ خبر بڑی شدت کے ساتھ گردش میں ہے کہ عامر خان اب تیسری بار سہرے کے پھول کھلانے کی تیاری کررہے ہیں۔ عامر خان جنہوں نے پہلی شادی فلموں میں آنے سے پہلے رینا دت سے کی تھی اور دونوں کا یہ رشتہ 28دسمبر 2005کو ٹوٹا جب عامر خان نے کرن راؤ سے بیاہ رچا لیا لیکن یہ تعلق بھی زیادہ عرصے تک برقرار نہیں رہا۔
رواں سال جولائی میں انہوں نے کرن راؤ کو بھی طلاق دے دی تھی لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ دونوں کے درمیان مراسم رہیں گے۔ کہا تو یہ بھی جارہا تھا کہ عامر خان کی طلاق کی بڑی وجہ ’دنگل گرل‘ فاطمہ شیخ ہیں۔ جن کے ساتھ عامر خان کی قربتیں کچھ زیادہ ہی بڑھ گئی ہیں۔ دونوں مختلف تقریبات میں بھی ساتھ ساتھ نظر آتے۔ اسی تناظر میں اب بالی وڈ میں کہا جارہا تھا کہ اس بار عامر خان جس شخصیت کے ساتھ زندگی کا نیا سفر شروع کرنے جارہے ہیں وہ کوئی اور نہیں فاطمہ شیخ ہیں۔
اس سلسلے میں بالی وڈ میں اب یہ بھی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ دونوں بہت جلد اس کا باقاعدہ اعلان کردیں گے۔ عامر خان کی نئی فلم ’ لال سنگھ چھڈا‘ اگلے برس سنیما گھروں کی زینت بننے والی ہے، جس میں وہ ایک طویل عرصے بعد کرینا کپور کے ساتھ اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔ بہرحال ان کی تیسری شادی کے متعلق جب اُن کے قریبی ذرائع سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ان تمام باتوں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
ان ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر خان کا اس وقت کوئی ایسا ارادہ نہیں کہ وہ شادی کریں اور ان خبروں میں کوئی سچائی نہیں۔ دوسری جانب بھارتی ذرائع ابلاغ اس بات کا دعویٰ کررہے ہیں کہ عامر خان شادی تو ضرور کریں گے لیکن فلم’لال سنگھ چھڈا‘ کی نمائش کے بعد تاکہ ان کی اس شادی کے نتیجے میں کہیں ان کی فلم کا کاروبار متاثر نہ ہوسکے۔
Discussion about this post