رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی موت کی حقیقی وجوہات جاننے کے لیے ان کی قبر کشائی 23 جون کی صبح ساڑھے 9 بجے ہوگی جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق 6 رکنی میڈیکل بورڈ میں ایڈیشنل پولیس سرجن شاہد نظام، ایچ او ڈی فرانزک میڈیسن جناح پرویز مخدوم، ایڈیشنل پولیس سرجن عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر شاہد نظام، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لیاری کے شعبہ فرانزک میڈیسن کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ہری رام لوہانا، سول اسپتال کراچی کے میڈیکو لیگل آفیسر ڈاکٹر گلزار علی سولنگی اور جناح پوسٹ میڈیکل کالج کے میڈیکو لیگل آفیسر ڈاکٹر محمد اریب بکھائی شامل ہیں جس کی سربراہی ڈاکٹر سمیعہ کریں گی۔
یاد رہے کہ عامر لیاقت کی تدفین کے چند روز بعد عدالت میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عامر لیاقت کو جائیداد کے لیے ممکنہ طور پر قتل کیا گیا ہے۔ اس لئے ان کی موت کی وجوہات کے تعین کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جائے، جس کے بعد 18 جون کو کراچی کی ماتحت عدالت نے عامر لیاقت کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کا حکم دیا تھا۔ عامر لیاقت حسین 9 جون کو کراچی میں انتقال کرگئے تھے، ان کی تدفین 10 جون کو ہوئی تھی۔
Discussion about this post