ٹیکنالوجی کے سب سے بڑے فائدوں میں سے ایک فائدہ یہ ہے کہ آپ کو پیسے کمانے کے لیے کہیں جانا نہیں پڑتا، بلکہ آپ اگر گھر بیٹھے بھی کام کریں، تو بھی پیسے خود چل کر آپ کے پاس آ جاتے ہیں۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ہزاروں افراد ملک و بیرونِ ملک گھر بیٹھ کر بطور فری لانسر اپنے کلائنٹس کو مختلف خدمات فراہم کر کے پیسے کماتے ہیں، حیرت انگیز طورپر پاکستانی ڈیزائنرز کا کام ناصرف دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے بلکہ اُن کا ایٹیٹیوڈ، مناسب دام اور کام کی بروقت فراہمی انہیں دیگر ممالک خصوصاً بھارت کے ڈیزائنرز سے ممتاز بناتی ہے۔ ایک اچھا انٹرنیٹ اور لیپ ٹاپ موجود ہو تو آپ کہیں سے بھی فری لانسنگ کر سکتے ہیں۔ ٹیکنالوجی کی زبان میں فری لانسنگ سے مراد انٹرنیٹ پر کسی بھی ملک میں موجود ایک فرد یا کمپنی کے لیے کام کر کے عوض میں پیسے وصول کرنا ہے۔
اسائنمنٹس کی نوعیت
آپ نے کتاب کا ٹائٹل بنوانا ہے، اردو، انگریزی یا کسی اور زبان میں وائس اوور کروانی ہے، لوگو ڈیزائن کروانا ہے، ٹرانسلیشن کروانی ہے، فیس بک پر لائک یا یوٹیوب کے سبسکرائبر بڑھوانے ہیں، ڈیٹا انٹری کروانی ہے یا ایمازون اور دراز پر آن لائن سیلز کے لئے آپ کو ورچوئل اسسٹنٹ درکار ہے۔ یہ تمام کام فری لانسرز آپ سے کسی بھی آفس اسپیس کا تقاضا کئے بغیر مناسب داموں میں گھر یا اپنے دفتر میں بیٹھ کر سرانجام دے سکتے ہیں۔ بہت سے لوگ اپنی ویب سائٹ کے لیے مواد لکھواتے ہیں، آٹوکیڈ پر نقشہ بنواتے ہیں یا پھر کسی کو ڈیجیٹل پورٹریٹ بنوانے کی ضرورت پڑتی ہے۔ غرض وہ کون سا کام ہے جو انٹرنیٹ پر بیٹھے پاکستانی نوجوان دنیا بھر میں اپنے کلائنٹس کے لئے نہیں کررہے۔ اگر آپ کسی بھی دوسری نوکری سے وابستہ ہیں اور کچھ اضافی پیسے کمانا چاہتے ہیں تو ایک عدد ضروری ہنر سیکھیے اور اپنا اشتہار ویب سائٹ پر لگا دیجیے۔ ایک نئی دنیا آپ کے استقبال کے لیے تیار کھڑی ہے۔ یاد رکھئے کہ فری لانسنگ کا ایک بڑا فائدہ یہ بھی ہے کہ آپ روپے میں نہیں بلکہ ڈالر میں پیسے کماتے ہیں۔ جب لوگ باہر سے پیسے کماتے ہیں تو اس سے انفرادی اور ملکی فائدہ ہوتا ہے۔ فری لانسنگ ویب سائٹس میں فائیور اور اپ ورک سر فہرست ہیں۔ اس کے علاوہ فری لانسر ڈاٹ کام اور پیپل پر ڈاٹ کام کے ساتھ ساتھ سینکڑوں پلیٹ فارم موجود ہیں۔
فائیور
فائیور چونکہ انگریزی لفظ فائیو یعنی پانچ سے نکلا ہے اور شروع شروع میں فائیور پر ہر کام پانچ ڈالر کا ہوتا تھا لیکن اب ہر کام کے لیے مناسب ریٹس دستیاب ہیں ۔حالانکہ اب بھی یہاں زیادہ تر لوگ سستے کام کی تلاش میں آتے ہیں۔فائیور کام کرنے والے یعنی سیلر اور کام کروانے والے بائیر یعنی خریدار دونوں کے لیے آسان ہے۔ بس آپ اپنا فائیور پر اکاؤنٹ بنالیں اور جس کام میں آپ مہارت رکھتے ہیں اس کا گگ تیار کریں۔ آپ جو کام آفر کرتے ہیں اسے فائیور کی زبان میں گگ کہتے ہیں۔ یعنی آپ اگر ویب ڈیزائننگ کا کام کرتے ہیں تو گگ بنائیں گے کہ میں ویب سائٹ اتنے روپے میں ڈیزائن کروں گا اور خریدار آپ کا گگ دیکھ کر فیصلہ کرے گا کہ آپ سے کام کرونا چاہیے یا نہیں ؟ آسان الفاظ میں کہیں تو فائیور پر آپ اپنی دکان بنا کر بیٹھ جاتے ہیں اور خریدار آکر خریداری کر جاتا ہے۔ پاکستان میں عام طور پر یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ فری لانسرز گگ بناتے وقت پروفیشنل ازم کا خیال نہیں رکھتے ہیں۔ زیادہ تر صارفین گگ اور آئیڈیا تو کاپی کرلیتے ہیں۔ لیکن اس ایکسپرٹ کے پروفیشنل ازم ، اسکی دیانتداری اسکی محنت کو کاپی نہیں کرسکتے۔ لہذا گگ پر اچھے ٹائیٹل کی وجہ سے ویو تو آجاتے ہیں لیکن آرڈر نہیں آتے۔فائیور پر اپنی کمائی ہوئی رقم 14دن کے اندر حاصل کر سکتے ہیں لیکن یہ رقم آپ ڈائریکٹ پاکستانی بینک اکاؤنٹ میں حاصل نہیں کر سکتے، اس کے لیے آپ کے پاس فائیور کارڈ یا پائیونیر بینک اکاؤنٹ جو کہ پے پال جیسا اکاؤنٹ ہے اور پاکستان میں مفت میں بن سکتا ہے، اس کے ذریعے رقم حاصل کر سکتے ہیں اور پھر اس سے اپنے پاکستانی بینک میں ٹرانسفر کر سکتے ہیں یا پائیونیر اے ٹی ایم کارڈ سے نکال سکتے ہیں ۔دلچسپ بات یہ ہے کہ صرف ایک پلیٹ فارم پائیونیر کے توسط سے گزشتہ ڈھائی سالوں میں تقریباً 60 ارب روپے پاکستان میں آئے۔ اس کے علاوہ پاکستانی فری لانسرز نے کئی دیگر طریقوں یا ’جگاڑوں‘ کے ذریعے بھی اربوں روپے اور بھی کمائے۔
اپ ورک
اپ ورک پر فائیورکے برعکس کام ہوتا ہے ۔۔آپ کو خود خریدار ڈھونڈنے پڑتے ہیں۔ ایک ایک پوٹینشل کلائنٹ کو فرداً فرداً میسج کرنا پڑتا ہے کہ میں آپ کا کام کروں گا۔ عام طور پر یہاں ایک ہی پوٹیشنل کلائنٹ کو گھنٹے بھر میں دس دس لوگ میسج کر دیتےجس سے کامپیٹیشن بہت بڑھ جاتا ہے۔ فائیور میں کلائنٹ خود آپ کا گگ دیکھ کر میسج کرتا ہے کہ مجھے کام کروانا ہے۔ لیکن اپ ورک میں نئے فری لانسر کو عام طور پر اپروول ہی نہیں ملتا ۔۔کچھ کام ملنے کے بعد اگر اپروول مل بھی جائے تو ہر مہینے آپ پانچ سے چھ کلائنٹس کوہی آفر بھیج سکتے ہیں کیونکہ اپ ورک پر ہر مہینے آپ کو بیس کے قریب پوائنٹس دیتا ہے۔ ہر جاب کے لیے اپلائی کرنے پر آپ کے دو یا چار پوائنٹ خرچ ہو جاتے ہیں اور اس کے بعد آپ یا تو جو مل گیا ہے اسی پر اکتفا کریں یا پھر مزید کلائینٹس حاصل کرنے کے لئے پیسے بھر کر سے پوائنٹس خریدیں۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ اگر ایک دفعہ اپ ورک پر آپ کی مناسب ریٹنگ بن جائے تو پھر آپ کو بہت اچھے پروجیکٹس مل سکتے ہیں اور فائیور کے مقابلے میں اپ ورک پر کام کی قیمت بھی اچھی خاصی مل جاتی ہے۔اپ ورک سے آپ اپنے تجربہ کی سرٹیفکیٹ بھی ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ اور وہ سرٹیفکیٹ آپ دوسرے فری لانسنگ ویب سائٹس پر اپنی ریٹنگ بڑھانے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ اپ ورک پر آپ ڈائریکٹ پاکستانی بینک اکاؤنٹ میں رقم حاصل کر سکتے ہیں بشرطیکہ آپ کی کمائی ہوئی کل رقم کم از کم ایک سو ڈالر ہو۔ایک اور اہم نکلتہ یہ بھی ہے کہ اپ ورک آپ کی کمائی سے بیس فیصد فیس چارج کرتا ہے یعنی اگر آپ دس ڈالر کمائیں گے دو ڈالر اپ ورک کے اور آٹھ ڈالر آپ کے۔ یاد رکھیں اس میں آپ سے الگ سے کوئی چارجز نہیں لیئے جاتے اگر آپ نے کام کیا تو فقط اسی میں سے صرف بیس فیصد فیس چارج ہوتی ہے۔
فراڈ سے کیسے بچیں
یوں تو فری لانسنگ میں فراڈ کے امکانات بہت کم ہیں کیونکہ ویب سائٹ کے پاس کام کرنے والے فری لانسر اور کام کروانے والے کلائنٹ دونوں کا کریڈٹ کارڈ اور دیگر معلومات محفوظ ہوتی ہیں۔ جب کام مکمل ہوجاتا ہے تو وہ کام کے پیسے کلائنٹ کے اکاؤنٹ سے فری لانسر کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوجاتے ہیں۔مگر پھر بھی آپ کسی جاب کے لیے اپلائی کرتے وقت یہ ضرور دیکھیں کہ کلائنٹ کا پیمنٹ تصدیق شدہ ہے یا نہیں۔یاد رکھئے فری لانسر کی ایک ریٹنگ ہوتی ہے کہ اگر کسی کلائنٹ کو آپ کا کام پسند آتا ہے تو وہ آپ کی پروفائل کو اچھی ریٹنگ دیتا ہے۔عام طور پر اس فری لانسر کو کوئی کلائنٹ کام نہیں دیتا جس کی کوئی ریٹنگ نہ ہو۔ اس لیے شروع شروع میں کسی فری لانسر کو کام ملنا مشکل ہوتا ہے۔ اگر آپ ایک دو کلائنٹس کو متاثر کر کے کام لینے میں کامیاب ہوجائیں تو اس کے بعد آپ کے لیے کام لینا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ جب آپ کی ریٹنگ بڑھ جائے گی تو آپ منہ مانگی اجرت پر بھی کام کر سکیں گے۔چھوٹے چھوٹے کام جیسے اگر کسی کلائنٹ کو ایک عدد لوگو بنانے کی ضرورت ہوتی ہے اور اس کا بجٹ پانچ ڈالر ہے۔تو آپ اس کو ہلکا نہ لیں پانچ منٹ میں بنا کر دے سکتے ہیں اور اپنی ریٹنگ بڑھا سکتے ہیں یا کسی شخص کو اس کی کمپنی یا کاروبار کے لیے اچھا سا نام اور آئیڈیا تجویز کریں اگر اس کو پسند آیا تو وہ آپ کو اس آئیڈیے کے پیسے بھی سے گا اور اچھی ریٹنگ بھی اور اس کے علاوہ چھوٹے چھوٹے صفحے ٹرانسلیٹ کر کے بھی آپ اپنی ریٹنگ بڑھا سکتے ہیں۔
Discussion about this post