فلم اسٹار میرا آج لاہور کی ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں مکمل چہرہ ڈھانپ کر پیش ہوئیں۔ تکذیب نکاح کی اس پیشی کے دوران میرا نے کمرہ عدالت میں خوب دہائیاں دیں۔ جذباتی ایسی ہوئیں کہ چیخنا چلانا بھی شروع کردیا۔ جس پر جج صاحب نے اُن کی سرزنش کرتے ہوئے حکم دیا کہ عدالت کا تقدس بحال رکھا جائے ۔جس پر میرا کا کہنا تھا کہ وہ امریکی عدالت میں بھی پیش ہوئیں، جہاں اُن کے موقف کو پورا سنا گیا۔ میرا کا کہنا تھا کہ انہوں نے عتیق الرحمان سے کوئی نکاح کیا ہی نہیں۔ جو عدالت میں ثبوت پیش کیے گئے ہیں، وہ عتیق الرحمان نے فلم کی عکس بندی میں نکاح کے منظر کو اصلی نکاح کی ویڈیو ظاہر کیا۔اُن کا کہنا تھا کہ جج صاحب 10سال سے انصاف کے لیے دربدر ماری ماری پھر رہی ہوں۔
عدالت نے اب اس معاملے پر عتیق الرحمان کے وکلا 5اکتوبر کو طلب کرلیا، جو عدالت میں پیش ہونے والی میرا اور عتیق الرحمان کے نکاح کی ویڈیو پر دلائل دیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میرا کا کہنا تھا کہ اس مقدمے کی وجہ سے فلم نگری کو اربوں روپے کا خسارہ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ سرمایہ کار پیچھے ہٹ گئے اور ملک میں آنے والی فنڈنگ تک رک گئی ہے۔ اداکارہ میرا اور عتیق الرحمان کے درمیان تکذیب نکاح کا یہ مقدمہ 2009سے چل رہا ہے۔
Discussion about this post