کیا یہ لارا دتہ کی دوسری اننگ کی شروعات ہے؟ یہ سوال سوشل میڈیا پر خاصا گردش میں ہے۔ خاص کر اس اعتبار سے کہ یہ سابق یونیورس کی لگ بھگ 3 سال بعد آنے والی تخلیق ’بیل بوٹم‘ ہے۔ کیا صرف یہی وجہ ہے کہ لارا دتہ کی سوشل میڈیا پر واہ واہ ہورہی ہے یا پھر کچھ خاص بات ہے؟ پھر لارا دتہ کا ذکر آخر سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی کے ساتھ کیوں کیا جارہا ہے؟
ان سوالوں کے جواب جاننے کے لیے فلم ’بیل بوٹم‘ کا ٹریلر دیکھنا ضروری ہے۔ مگر عام فلم بین کی طرح جب پورا ٹریلر دیکھنے کے بعد بھی آپ تلاش کرتے رہیں گے کہ آخر کب لارا دتہ اسکرین پر جلوہ گر ہوئیں۔ ابتدا میں تو بیشتر یو ٹیوب یوزر یہی سمجھے کہ یہ ہدایتکار کی کوئی چال ہوگی کہ انہوں نے لارا دتہ کا نام اسٹار کاسٹ میں دے کر تشہیر حاصل کرنے کی ناکام کوشش کی۔ کچھ کا خیال تھا کہ ممکن ہے کہ لارا دتہ مہمان اداکارہ کے طور پر جلوہ گر ہو کر کوئی پھڑکتا ہوا آئٹم سونگ پیش کررہی ہوں۔ مگر سب اندازے غلط ثابت ہوئے۔ خاص کر ایسے میں جب لارا دتہ کے گزشتہ انٹرویوز دیکھنے کے بعد یہ معلوم ہوا کہ وہ تو فلم میں اہم کردار ادا کررہی ہیں تو پھر آخر ’ بیل بوٹم‘ میں لارا دتہ ہیں کہاں؟
ذہن پر زور دینے کی قطعی ضرورت نہیں، فلم کی ویب سائٹ پر جائیں تو معلوم ہوتا ہے کہ سچے واقعے کے گرد گھومتی اس فلم میں جو اندرا گاندھی بنیں ہوئی ہیں وہی دراصل لارا دتہ ہیں۔ جن کا میک اپ ایسا کمال کا کیا ہے کہ گمان ہی نہیں ہوتا کہ یہ وہی لارا دتہ ہیں، جو ہمیں مخلتلف کرداروں میں اسکرین پر نظر آتی رہی ہیں۔ اب ایسی صورت حال میں صارفین دنگ ہی رہ گئے کہ کہ ٹریلر میں جلوہ گر ہونے والی لمبی ناک کی حامل اندرا گاندھی دراصل لارا دتہ ہی ہیں۔ کسی نے میک اپ آرٹسٹ کی فن کو ایوارڈ کا مستحق سمجھا تو کسی نے لکھا کہ کئی بار دیکھنے کے بعد بھی یقین نہیں آیا کہ یہ لارا دتہ ہی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ 2 برسوں سے تکمیل کے مراحل سے گزرنے والی اس فلم کے حوالے سے لارا دتہ نے بیشتر انٹرویوز میں یہ بات صیغہ راز میں ہی رکھی تھی کہ وہ کون سا کردار ادا کررہی ہیں۔
لارا دتہ کو اندرا گاندھی بنانے والی کون ہیں؟
اب اس قدر مہارت کا کام کوئی بھارتی میک اپ آرٹسٹ تو دکھانے سے رہا تو لارا دتہ کے نقش و نگار یکسر تبدیل کرنے والی برطانوی میک اپ آرٹسٹ کولٹ فورڈ ہیں۔ جو ٹی وی سیریز ’امپوسیبل‘ اور ’بیلنس ناٹ سیمٹری‘ میں اپنے ہاتھوں کی صفائی دکھا چکی ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ لارا دتہ کو اندرا گاندھی کی مشابہت دینا، قطعی طور پر مشکل کام تھا۔ بالخصوص اس لیے بھی کہ لارا دتہ اور اندرا گاندھی کے چہرے کے خدوخال خاصے مختلف ہیں۔ مگر اس کے باوجود انہوں نے اسے چیلنج سمجھ کر قبول کیا۔
فلم میں لارا دتہ کا ہی کیوں انتخاب کیا گیا؟
اس حوالے سے ہدایت کار رنجیت تیواری کا کہنا ہے کہ انہوں نے محض ایک تجربے کے تحت لارا دتہ کو سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی کے کردار کے لیے چنا۔ کیونکہ وہ یہ جانتے تھے کہ اس کردار کے لیے کوئی ایسی اداکارہ ہی مناسب رہے گی، جس کو مکالمات کی ادائیگی اور چہرے کے تاثرات کا بہتر استعمال آتا ہو۔
کیا فلم کی خاص بات صرف لارا دتہ ہی ہیں؟
ہدایت کار کو یقین ہے کہ سچے واقعے پر مبنی اس فلم میں اکشے کمار، وانی کپوراور ہما قریشی کے ساتھ بڑی اسٹار کاسٹ ہے۔ جب کہ فلم کو صرف بھارت میں ہی نہیں امریکا اوربرطانیہ میں بھی عکس بند کیا گیا ہے۔ فلم پر رقم پانی کی طرح بہائی گئی ہے۔ قوی امکان ہے کہ یہ فلم رواں سال 19 اگست کو ریلیز ہونے پر تہلکہ مچا سکتی ہے۔
بھارت میں اندرا گاندھی اور لارا دتہ پر نئی بحث کا آغاز
اس نئی فلم میں لارا دتہ کا اندرا گاندھی کا گیٹ اپ دیکھنے کے بعد اب ایک نئی بحث یہ بھی چھڑ گئی ہے کہ سابق وزیراعظم کے کردار کو اب تک کس اداکارہ نے بہترین انداز میں ادا کیا۔ کوئی ماضی کی فلم ’آندھی‘ میں سچترا سین کو یاد کررہے ہیں تو کوئی ’اندو سرکار‘ میں کرتی کلہاری کو تو کوئی اب انتظار میں ہیں کہ اعلان شدہ فلموں میں ودیا بالان اور کنگنا رناوٹ کو بہتر قرار دے رہا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا لارا دتہ کی اداکاری اور گیٹ اپ انہیں سب سے منفرد کردار بنا سکیں گے یا نہیں؟۔
Discussion about this post