وزیراعظم شہباز شریف نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو حکم دیا ہے کہ وہ پنجاب سمیت لاہور بھر میں ہونے والی طوفان بارش کے متاثرین کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔ وزیراعظم نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے، میونسپل اور متعلقہ اداروں کا اشتراک عمل یقینی بنانے پر بھی زور دیا ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے اور وفاقی اداروں کو پنجاب حکومت کی معاونت کی ہدایت کر دی۔ دیہی علاقوں میں شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی اور مال مویشیوں کو بچانے کے اقدامات کیے جائیں، اربن فلڈنگ سے بچاﺅ کے لیے فوری اور ضروری اقدامات تیز کیے جائیں۔ یاد رہے کہ لاہور میں بارش کا 30 برس کا ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے اور گزشتہ 10 گھنٹوں میں 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہر بھر کے درجن سے زائد علاقوں میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ 2022 میں لاہور میں 238 ملی میٹر جبکہ 2018 میں 288 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
Discussion about this post