نیو انارکلی اس وقت لرز اٹھا جب پان منڈی کے قریب خوف ناک دھماکہ ہوا، ابتدامیں اسے سلنڈر دھماکہ قرار دیا گیا لیکن بعد میں پولیس حکام کا کہنا تھا کہ یہ بم دھماکہ تھا، جس کی آواز کوسوں دور تک سنی گئی ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل میں بم لگایا گیا تھا، جسے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے پھاڑا گیا۔ دھماکے کی جگہ پر زمین پر گہرا گڑھا بھی پڑ گیا جبکہ آس پاس کی عمارتوں کے شیشے چکنا چور ہوگئے ۔
نزدیکی بینک کو بھی نقصان پہنچا ۔ اسی طرح پان منڈی کے اطراف کھڑی گاڑیوں میں بھی آگ بھڑک اٹھی۔ کمشنر لاہور نے بم دھماکے میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے ان میں ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ کہا جارہا ہے کہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتےہی ریسیکو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ لاہور کی سیکوریٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے جبکہ امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ، فرانزک ٹیمیں اور دیگر تفتیشی ماہرین دھماکے کے حوالے سے شواہد حاصل کرنے اور نمونے جمع کرنے میں مصروف ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں بیشتر دکانوں میں آگ لگی ہے، جسے بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ اُدھر میو اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔دھماکے سے کم از کم 6 موٹر سائیکلیں جل کر راکھ ہوچکی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اس واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔
Discussion about this post