گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کا تقریباً ڈیڑھ سو سال پرانا کیمپس بلاک بلاسٹر فلم ’ہیری پوٹر ‘ کے پراسرار کردار، جادوئی اسکول ہوگ وارٹس کا ہال،ہیری پوٹر کاسامان اور جنتر منتر کی آوازوں سے گونج اٹھا۔ جی سی یونیورسٹی کے طالب علموں کی جانب سے 5 روزہ ہیری پوٹر فیسٹول کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ کے ایک گروپ خیالی پروڈکشن کے بینر تلے پاکستان کی پہلی فین میڈ ’ہیری پوٹر ‘ کی فلم کی نمائش کی گئی، یہ فلم ہیری پوٹر سیریز کی آخری فلم ’دا ڈیتھلی ہیلوز پارٹ ٹو’ کے 10 سال بعد ریلیز کی جارہی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ لارڈ وولڈیمورٹ کی موت کے بعد ہیری پوٹر کی زندگی میں کیا ہورہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جی سی یونیورسٹی کے طلبہ نے ڈائریکشن، ایڈیٹنگ سے لے کر سنیماٹوگرافری تک اپنی مدد آپ اور محدود وسائل کے تحت یہ فلم بنائی ہے جس میں کردار بھی یونیورسٹی کے طالب علم ہیں جبکہ فلم کی خوبصورت عکس بندی بھی یونیورسٹی میں کی گئی ہے۔ فیسٹول کی تصاویر اور ٹریلر جب سوشل میڈیا کی زینت بنا تو ہر کسی نے جی سی یونیورسٹی کے طلبہ کی تخلیقی صلاحیت کو نا صرف سراہا بلکہ پاکستانی فلمی دنیا کا روشن مستقبل بھی قرار دیا۔
Pakistan’s first fanmade movie “The Last Follower” screening and #HarryPotter theme festival will commence tomorrow, 29th Nov, @gcuniversitylhr. pic.twitter.com/hHYqOM9m4j
— GC University Lahore (@gcuniversitylhr) November 28, 2021
فلم کے ہدایت کار اور لاہور یونیورسٹی کے سابق طالب علم ولید اکرم نے اپنے ایک انٹریو میں کہا کہ اس آرٹ کو متعارف کروانے کا مقصد ’ہیری پوٹر‘ کی جادوئی دنیا سے اپنی محبت کا اظہار کرنا تھا، ان کا ماننا ہے کہ یہ فلم نوجوانوں کی صلاحیت کی بھی عکاسی کرتی ہے جنہوں نے اسے انتہائی محدود وسائل کے ساتھ بنایا۔ ولید کے مطابق کورونا کی عالمی وبا نے جہاں پوری دنیاکو متاثر کیا وہیں اس فلم کو مکمل ہونے بھی ایک سال سے زائد کا عرصہ لگ گیا۔ فلم کی مرکزی کاسٹ میں عمر ڈار، جازب اکرم، مریم حسن نقوی، طلحہ چہور، دعا مریم اور شیخ مبشر شامل ہیں۔ جب کہ اس فلم میں ا سپیشل ایفیکٹس ذیشان حمید نے تخلیق کیے ہیں۔
Discussion about this post