بھارت کے صف اول کے کرکٹر سچن ٹنڈولکر کی بیٹی سارہ ٹنڈولکر نے شوبز سے ناطہ جوڑ لیا ہے۔ سارہ ابتدائی طور ماڈلنگ کررہی ہیں جبکہ آگے انکا ایکٹنگ کے میدان میں بھی قسمت آزمائی کا ارادہ ہے۔ سارہ نے اپنی پہلی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا جو خوب وائرل ہو رہی ہے۔ حالانکہ وہ ماضی میں بھی اپنے اچھے فیشن سینس کے ساتھ کھینچی گئی تصاویر پوسٹ کرتی رہی ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ سارہ ٹنڈولکر نے ایک مقبول ملبوسات برانڈ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ اس برانڈ کے پرموشن کے لئے انہوں نے اداکارہ بنیتا سندھو اور تانیہ شراف کے ساتھ ماڈلنگ کی۔ گزشتہ چند ہفتوں سے سارہ جَم میں ورک آوٹ کے دوران کی تصاویر تواتر کے ساتھ پوسٹ کررہی تھیں جس سے یہ ظاہر ہورہا تھا کہ وہ کسی خاص مشن پر ہیں۔ 15 لاکھ انسٹا فالورز کے ساتھ ان کی ہر نئی تصویر کو لاکھوں لائکس بھی مل رہے تھے۔ سارہ ٹنڈولکر نے اسکول کی تعلیم ممبئی کے دھیرو بھائی امبانی انٹرنیشنل اسکول سے حاصل کی اور یونیورسٹی کالج لندن سے گریجویٹ ہیں۔ سارہ کو بھی اپنے والد کی طرح کرکٹ سے لگاؤ ہے، بچپن میں پھولے پھولے گالوں والی سارہ اپنے والدکے میچ کے دوران ہمیشہ اسٹیڈیم میں موجود ہوتی تھیں اور خوب ذوق وشوق سے میچ دیکھا کرتی تھیں۔
سال 2018 میں سارہ کو شادی نہ کرنے کی صورت میں اغوا کی دھمکی ملی تھیں جس کے بعد اُس شخص کو گرفتار کرلیا گیا تھا، یہ اجنبی شخص فون پر دھمکیاں دے رہاتھا کہ وہ سارہ سے محبت کرتا ہے اور اگر سارہ نےاس سے شادی نہ کی تو وہ اسے اغوا کرلے گا۔ دھمکی آمیز ٹیلی فون کالز کا سلسلہ ناقابل برداشت ہوا تو ٹنڈولکر نے اس شخص کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرادی، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ تفتیش کے دوران دیب کمار نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے سارہ کو پہلی بار ٹی وی پرایک میچ کے دوران دیکھا تھا اور دیکھتے ہی اس کی محبت میں گرفتار ہوگیا اور سارہ سے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
Discussion about this post