مسلسل تین کامیابیوں کے بعد قومی ٹیم آج نمیبیا سے ٹکرائے گی، نمیبیا بمقابلہ پاکستان کا سن کر ملک نمیبیا سے متعلق کئی سوال جنم لیتے ہیں، یہ ملک کہاں ہے؟ آبادی کتنی ہے اور کرکٹ نمیبیا کیسے پہنچی؟ دراصل نمیبیا سرکاری طور پر جمہوریہ نمیبیا، جنوبی افریقہ کا ایک ملک ہے۔ اس کی مغربی سرحد بحر اوقیانوس ہے، جس کی زمینی سرحدیں شمال میں زیمبیا اور انگولا، مشرق میں بوٹسوانا اور جنوب اور مشرق میں جنوبی افریقہ سے ملتی ہیں۔ یہ کم گنجان والا ملک ہے یہاں انسانوں کے بجائے جانوروں کی آبادی زیاد ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس ملک کی وائلڈ لائف کو دنیا میں نمبرون مانا جاتا ہے۔
نمیبیا سے متعلق چند دلچسپ باتیں
٭ نمیبیا ایک برطانوی کالونی تھا، پہلی عالمی جنگ میں جنوبی افریقہ نے یہاں حملہ کرکے قبضہ کیا جس کے بعد 21 مارچ 1990 کو نمیبیا نے جنوبی افریقہ سے آزادی حاصل کی۔ اس کا دارالحکومت اور سب سے بڑا شہر ونڈہوک ہے۔
٭ 22 لاکھ آبادی والے نمیبیا میں 30 زبانیں بولی جاتی ہیں جبکہ انگریزی اس کی قومی زبان ہے۔ یہاں تقریباً 13 مختلف نسلوں کے لوگ رہائش پذیر ہیں۔ جن میں تقریباً 85 فیصد نمیبیا کے باشندے سیاہ فام ہیں، 5 فیصد یورپی نسل کے ہیں، اور 10 فیصد جنوبی افریقی اصطلاحات میں رنگدار (کیپ کلرڈ، نامہ، اور ریہوبوتھر) ہیں۔
٭ نمیبیا کا نام صرائے نمیب کی وجہ سے نمیبیا پڑا جو 80 لاکھ سال سے بھی زیادہ پرانا ہے اور نمیب کا مطلب ہے بہت وسیع۔
٭ نمیبیا کی معیشیت کا انحصار زراعت، سیاحت اور کان کنی کی صنعت پر ہوتا ہے۔ جس میں جواہرات، یورینیم، سونا، چاندی اور بنیادی دھاتوں کی کان کنی شامل ہے۔ جبکہ مینوفیکچرنگ کا شعبہ نسبتاً چھوٹا ہے۔
نمیبیا میں کرکٹ کب آئی؟
نمیبیا کا قومی کھیل فٹ بال ہے جبکہ 1992 میں نمیبیا نے کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھا اور دسمبر 2017 میں، پہلی بار نمیبیا کرکٹ جنوبی افریقہ ون ڈے چیلنج کے فائنل میں پہنچی۔ فروری 2018 میں نمیبیا نے کینیا، متحدہ عرب امارات، نیپال، کینیڈا اور عمان کے ساتھ آئی سی سی ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن 2 کی میزبانی کی تاکہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر پوزیشنز کے لیے مقابلہ کیا جا سکے۔ اور سپر 12 کلب میں داخل ہوسکے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈیوڈ ویز ایک جنوبی افریقی کرکٹر ہیں جو اس وقت بین الاقوامی کرکٹ میں نمیبیا کے لیے کھیلتے ہیں۔ جو پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز میں بھی اپنی شاندار پرفارمنس دکھا چکے ہیں۔
پاکستان سے کیسے تعلقات ہیں؟
پاکستان اور نمیبیا کے درمیان تعلقات مساوی ہے، دونوں ملک ایک دوسرے کی خود مختاری کو تسلیم کرتے ہیں اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے مستقبل کے امکانات کو ہموار کرنے پر اتفاق رائے رکھتے ہیں۔
Discussion about this post