پاکستان میں ’سیکوریٹی تھریٹ‘ کا بہانہ بنا کر راہ فرار اختیار کرنے والی نیوزی لینڈ اور انگلش ٹیموں کا دہرا معیار بے نقاب ہوگیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ کو ایک ای میل موصول ہوئی ہے، جس میں لیسٹر شائر میں موجود نیوزی لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کے ہوٹل میں بم رکھنے کی اطلاع دی گئی ہے۔ ای میل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کے طیارے میں بھی بم نصب کردیا گیا ہے۔ جس پر نیوزی لینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم ’سیکوریٹی تھریٹ‘ کا واویلا مچا کر انگلینڈ سے بھاگی نہیں بلکہ صرف پریکٹس سیشن منسوخ کیا۔
جبکہ انگلش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ملنے والی اس ای میل کو اس قدر سنجیدہ نہیں لیا لیکن یہ ضرور ہے کہ جس ہوٹل میں نیوزی لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم رہائش پذیر ہے، وہاں سیکوریٹی انتظامات اور کڑے کردیے ہیں۔ انگلش کرکٹ بورڈ نے یہ اعتراف کیا کہ اس ’ای میل تھریٹ‘ کے بعد نیوزی لینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم خوف و ہراس کا شکار ہیں لیکن اس کے باوجود وہ دورے کو منسوخ نہیں کریں گے۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا ون ڈے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگا۔ کرکٹ شائقین کے مطابق پاکستان میں سیکوریٹی تھریٹ کا بہانہ بنا کر دونوں بورڈز نے دورہ منسوخ کیا تھا اور اب واضح طور پر دھمکی کے باوجود یہ دورہ جاری رکھنے کا اعلان اس جانب بھی اشارہ کررہا ہے کہ پاکستان کے دورے کی منسوخی میں کہیں نہ کہیں کوئی ’سازشی تھیوری‘ کام کررہی تھی۔
Discussion about this post