شہنشاہِ غزل مہدی حسن کے بیٹے آصف مہدی طویل علالت کے باعث کراچی میں آج بروز پیر 2 اگست کو انتقال کر گئے۔
اہل خانہ کے مطابق آصف مہدی طویل عرصہ سے شوگر کے مرض میں مبتلا تھے۔ آصف مہدی کا انتقال پھیپھڑوں میں انفیکشن کے باعث ہوا۔
اہل خانہ کا مزید کہنا تھا کہ آصف مہدی پھپڑوں کے انفیکشن کے باعث گزشتہ 9 روز سے آغا خان اسپتال میں زیرِ علاج تھے، تاہم گزشتہ روز اتوار کو طعبیت زیادہ خراب ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور آج انتقال کرگئے۔
آصف مہدی کے اہل خانہ کے مطابق انھیں کئی برس سے گردوں کا عارضہ لاحق تھا۔ گزشتہ دنوں انہیں نمونیہ بگڑنے پر اسپتال میں اسپیشل کیئر یونٹ میں داخل کرایا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ امریکہ میں مقیم بھائی سے مشاورت کے بعد تدفین کا فیصلہ کیا جائےگا۔ آصف مہدی نے فلموں میں بطور پلے بیک سنگر آواز کا جادو جگایا۔
آصف مہدی نے اپنے والد مہدی حسن خان کی طرح میرتقی میر، احمد فراز، قتیل شفائی، حفیظ جالندھری اور مرزا غالب کے کلام پرغزلیں گائی ہیں۔
آصف مہدی دنیا بھر میں شوز کے علاوہ سن 2009 میں جگجیت سنگھ کے ہمراہ بھارت میں پرفارم کیا۔ جبکہ سن 1999ء میں انھیں فنی خدمات پر نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
واضح رہے کہ 3 اپریل 2021 کو شہنشاہ غزل مہدی حسن خان کے بڑے صاحبزادے عارف مہدی حسن کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔ عارف مہدی ، مہدی حسن فاؤنڈیشن کے بانی صدر اور ماہر طبلہ نواز تھے، جب کہ وہ مختلف ورائٹی شوز بھی آرگنائز کیا کرتے تھے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ شہنشاہ غزل مہدی حسن کا انتقال 13 جون 2012 کو کراچی میں ہوا تھا۔ وہ طویل عرصے تک فالج کے مرض میں مبتلا رہے تھے۔
Discussion about this post