آن لائن اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلیکس کا کہنا ہے کہ سال کی پہلی سہ ماہی میں اس نے لگ بھگ 2 لاکھ سبسکرائبرز کھو دیے ہیں جس کا گہرا اثر کمپنی کے حصص پر بھی پڑا ہے۔ سبسکرائبرز میں ہونے والی اس کمی سے نیٹ فلیکس کے حصص میں 35 فیصد سے زائد کی کمی واقع ہوئی ہے جبکہ اس کمپنی کو اسٹاک مارکیٹ ویلیو میں لگ بھگ 40 ارب ڈالرز کا بھاری نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے۔
نیٹ فلیکس نے خیال ظاہر کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں اس کے نقصان میں اضافہ ہوسکتا ہے اور کمپنی مزید 2 لاکھ سے زائد صارفین کھوسکتی ہے۔ وباء کے دوران بلندیوں کو چھونے والی آن لائن اسٹریمنگ کمپنی کے لیے یہ سال کسی بڑے جھٹکے سے کم نہیں ہے۔
نیٹ فلیکس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صارفین میں کمی کی کھوج لگانے کے لیے ہر ممکنا وجوہات کو تلاش کررہی ہے جس میں پاس ورڈ کا وسیع اشتراک اور یوکرین پر روسی حملے کے بعد دونوں ممالک میں اپنی سروس کی بندش کی وجہ سے 7 لاکھ سے زائد صارفین کھونے کی بھی وجوہات شامل ہیں۔
سرمایہ کاروں کے مطابق مقبول ترین آن لائن اسٹریمنگ کمپنی کے اس بھاری بھرکم نقصانات کا اثر اس کی تیز رفتار سروسز پر بھی ہوسکتا ہے، کمپنی اپنی نسبتاً کم کوالٹی کی سستی سروسز پیش کرنے کی جانب جاسکتی ہے جہاں صارفین کو دکھائے جانے والے مواد میں اشتہارات بھی شامل ہوں گے۔
نیٹ فلیکس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صارفین کے لیے بہتر اور موثر سروسز کے لیے ایچ بی او میکس اور ڈزنی پلس کی اس سے ملتی جلتی سروسز کوجلد متعارف کروانے کے لائحہ عمل تشکیل دے رہی ہے۔
Discussion about this post