ڈائریکٹر جنرل پرائیوٹ انسٹی ٹیوشن سندھ پروفیسر سلمان رضا نے والدین کی مشکلات کو کم کردیا، نجی اسکول انتظامیہ کی جانب سے سالانہ فیس اور تعلیمی اخراجات سے متعلق ایک ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق نجی تعلیمی ادارے والدین کو کسی مخصوص مقام یا اسکول سے کتابیں، کاپیاں، اسٹیشنری اور یونیفارم کو خریدنے کے پابند نہیں کریں گے، سالانہ امتحانات کے نتائج کے ساتھ یا داخلے کے وقت تمام نجی تعلیمی ادارے بچوں کو ان اشیاء کی فہرست فراہم کریں تاکہ والدین اپنی مرضی سے ان اشیاء کو خرید سکیں۔
مراسلے میں زور دیا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے طلبہ سے صرف اور صرف منظور شدہ فیس وصول کریں گے، مختلف ڈے منانے کے لیے مختلف ناموں سے کوئی غیر قانونی فیس وصول نہیں کی جائے، مراسلے میں احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والے اسکول انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ مراسلے میں ہدایت دی گئی ہے کہ انتظامیہ ڈائیریکٹریٹ سے منظور شدہ فیس اسکول کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کریں تاکہ والدین کو علم ہوسکے کہ انہیں کتنی ماہانہ فیس ادا کرنی ہے جبکہ اسکولز طلبا و طالبات سے ايک وقت میں صرف ايک ماہ کی فیس یعنی ماہانہ بنیاد پر فیس وصول کریں۔
مراسلے میں والدین کو ہدایت دی گئی کہ اگر انہیں اسکول فیس، کتابیں، اسٹیشنری، یونیفارم وغیرہ سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت ہیں تو وہ شکایات بمع شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی کے ڈائریکٹریٹ پرائیوئٹ انسٹی ٹیوشنز کے شکایتی مرکز میں جمع کروائیں تاکہ ان کی شکایت کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ جبکہ وہ شکایتی مرکز کے فون نمبر پر 7477-9921 کال کرکے بھی اپنی شکایتیں درج کرواسکتے ہیں۔
مراسلے میں یہ بھی کہا گیا کہ جن والدین کے بچے وین کے ذریعے اسکول جاتے ہیں وہ اچھی طرح وین ڈرائیور کی چھان بین کرلیں تاکہ کسی بھی بچے یا بچی کے ساتھ کوئی حادثہ پیش نہ آئے جبکہ اسکول انتظامیہ بھی ڈرائیور کا ریکارڈ رکھیں اور متعلقہ تھانے سے وین ڈرائیور کی تفصیلات کو تصدیق کروائے۔
Discussion about this post