آزاد کشمیر کے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنی کابینہ کے 5 وزرا کو برطرف کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ان وزرا میں سینئروزیر سردار تنویر الیاس، عبدالماجد خان، علی شان سونی، خواجہ فاروق اور اکبر ابراہیم شامل ہیں۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے ترجمان کے مطابق ان وزرا پر ضابط اخلاق کی خلاف ورزی پر یہ قدم اٹھایا جارہا ہے۔ یہی نہیں ان وزرا کی مشکوک سرگرمیاں بھی ہیں جبکہ ان پر بدعنوانی کے بھی الزام ہیں۔ یاد رہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی ہے، جس پر 25 ارکان کے دست خط ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ تحریک خود تحریک انصاف کے ارکان نے جمع کرائی ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے جن وزرا کو برطرف کیا ہے، ان میں وہی وزرا شامل ہیں جو اُن کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کراچکے ہیں۔ متبادل وزیراعظم کے طور پر سردار تنویر الیاس کا نام تجویز کیا گیا تھا۔ اپنی ہی جماعت کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کے بعد آزاد کشمیر کے وزیراعظم عبدالقیوم نیازی نے مستعفی ہونے کی پیش کش پارٹی سربراہ عمران خان کے سامنے رکھی تھی، جنہوں نے انہیں فی الحال یہ قدم اٹھانے سے روک دیا تھا۔
Discussion about this post