قومی ایئر لائن کا یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن ساڑھے 4 سال بعد بحال ہوا ہے۔ پرواز پی کے 749 نے 323 مسافروں کے ساتھ پیرس کا رخ کیا۔ فرانس میں پی آئی اے کے منیجر رضوان کے مطابق یہ پرواز اسی شام پیرس انٹرنیشنل چارلس ڈیگال ایئرپورٹ پر اترے گی۔ مسافر ہفتے میں 2 روز پیرس سے اسلام آباد اور اسلام آباد سے پیرس رخ کریں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن کے منافع بخش روٹس بند ہوگئے تھے۔ یورپ کی فضاوں میں پھر سبز ہلالی پرچم لہرانا شروع ہوگیا ہے، برطانیہ کے لیے بھی قومی ایئر لائن کی براہ راست پروازوں کا اجرا جلد ہوگا۔ یاد رہے کہ معطلی مئی 2020 میں کراچی میں ہونیوالے پی آئی اے طیارہ حادثے کے بعد کی گئی تھی جس میں 97 افراد جاں بحق ہوئے تھے جس کے بعد ایک سابق وزیر ہوا بازی کے بیان نے عالمی سطح پر تحفظات پیدا کیے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ تقریباً 40 فیصد مقامی پائلٹس کے لائسنس مشکوک ہیں، اس کے نتیجے میں یورپی ریگولیٹرز نے پی آئی اے پر پابندی لگادی تھی۔
Discussion about this post