پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ ٹک ٹاک پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کا آفیشل اسپانسر ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے مابین تاریخی سیریزکا آغاز چار مارچ کو راولپنڈی سے ہوگا۔ ٹائٹل اسپانسر کی حیثیت سے ٹک ٹاک کرکٹ مداحوں کو اپنی ایپ پر خصوصی کرکٹ ویڈیوز بنانے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ پی سی بی اس سیریز کے آغاز سے قبل ٹک ٹاک پر اپنا آفیشل اکاؤنٹ بنائے گا، جہاں شائقین کرکٹ کے لیے خصوصی کنٹنٹ اپلوڈ کیا جائے گا۔
اس تاریخی سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت 25 فروری بروز جمعہ سے شروع ہوجائے گی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ چار سے آٹھ مارچ تک راولپنڈی، دوسرا بارہ سے سولہ مارچ تک کراچی اور تیسرا ٹیسٹ اکیس سے پچیس مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔اس سیریز کے لیے ٹکٹوں کی قیمتیں مندرجہ ذیل ہیں۔
جنرل: 100 روپے
فرسٹ کلاس: 200 روپے
پریمیم: 350 روپے
وی آئی پی: 500 روپے
سیریز کی ٹکٹیں 25 فروری سے بک می کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی۔ اس کے علاوہ ایم اینڈ پی کوریئر کے آؤٹ لیٹس پر بھی ٹکٹیں دستیاب ہوں گی۔ تمام ٹکٹ ہولڈرز کے لیے ضروری ہے کہ وہ اسٹیڈیم میں داخلے کے وقت اپنا شناختی کارڈ اور مکمل ویکسینیشن سرٹیفیکٹ اپنے ہمراہ رکھیں۔ پہلے مرحلے میں پچاس فیصد ٹکٹیں فروخت کی جائیں گی، جس کے بعد این سی او سی سے تماشائیوں کی تعداد میں وضاحت کے بعد باقی ٹکٹیں فروخت کے لیے پیش کی جائیں گی۔
Discussion about this post