کراچی کی مصروف شاہراہ جیل چورنگی پر قائم چیس اسٹور پر 4 روز سے لگی آگ پر بالآخر قابو پالیا گیا، فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ اسٹور کے بیسمنٹ اور گراونڈ فلور پر کولنگ کا عمل مکمل ہےتاہم میز 9 فلور پر کولنگ کا کام جاری ہے۔ فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ بیسمنٹ میں موجود کوکنگ آئل، ڈائپرز، پرفیوم ، کاسمیٹک اور دیگر کیمیائی اشیاء نے آگ کو بے قابو کردیا تھا جس کی وجہ سے بیسمنٹ سے اٹھنے والے شعلوں نے گراؤنڈ فلور کے بعد پھر میز نائن فلور کا رخ کرلیا تھا۔
فائر بریگیڈ کے مطابق چاروں طرف سے راستے بند ہونے کی وجہ سے آگ بھجانے کا عمل سست روی کا شکار رہا تاہم بھاری مشینری کی مدد سے دیواروں کو گرایا گیا اور چبوترا توڑ کر پانی کی رسائی ممکن بنائی گئی۔ فائر آفیسر نے بتایا کہ آگ بھجانے کے عمل میں تقریباً 15 لاکھ گیلن پانی کا استعمال کیا گیا ہے، واٹر بورڈ نے بلاتعطل پانی فراہم کیا پانی کی کمی محسوس نہیں ہوئی۔ عمارت مخدوش کرنے کے حوالے اطلاعات سامنے آئی ہے کہ ایس بی سی اے کی تکنیکی ٹیم کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد میٹریل ٹیسٹنگ کرے گی۔حکام کے مطابق جانچ کے تین دن بعد موصول ہونے والی رپورٹ آنے کے بعد فیصلہ کیا جائے گاکہ عمارت رہنے کے قابل ہے یا نہیں۔
یاد رہے کہ بدھ کے روز صبح 11 بجے چیس اسٹور کے بیسمنٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں ایک شخص دم گھٹنے کے باعث جان کی بازی ہار گیا تھا۔
Discussion about this post