ہم سے اکثر لوگ پوچھتے ہیں کہ ہم اعلیٰ تعلیم کے لیے چین ہی کیوں آئے۔ امریکہ، برطانیہ یا یورپ کیوں نہیں گئے۔ ہم انہیں جواب میں بتاتے ہیں کہ ہم یہاں خود نہیں آئے ہیں بلکہ قدرت کی طرف سے بھیجے گئے ہیں۔ قدرت نے ہماری قسمت میں سنگل ہونا کچھ اس طرح سے لکھا ہوا ہے کہ پاکستان جہاں ہر انسان اپنی شادی کرنے اور دوسروں کی شادیاں کروانے کے لیے پیدا ہوتا ہے، ہمیں وہاں سے نکال کر ایسے ملک میں بھیجا گیا ہے جہاں سنگل افراد کا باقائدہ دن منایا جاتا ہے۔
چین میں محبت کا دن بھی سال میں دو مرتبہ منایا جاتا ہے۔ ایک تو پوری دنیا کے ساتھ چودہ فروری کو دوسرا چینی کیلنڈر کے ساتویں مہینے کی ساتویں تاریخ کو۔ اس کے باوجود چین میں ہمارے جیسے کروڑوں افراد جو کسی بھی قسم کے رومانوی تعلق میں نہیں ہیں، گیارہ نومبر کو سنگلز ڈے مناتے ہیں۔ اس دن کو اس کی تاریخ کی مناسبت سے ڈبل الیون بھی کہا جاتا ہے۔
چین میں یہ دن نوے کی دہائی سے منایا جا رہا ہے۔ ایک روائیت کے مطابق سنہ 1993 میں نانجنگ یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم چار ایسے لڑکوں نے جنہیں باوجود کوشش کے کوئی گرل فرینڈ نہیں مل رہی تھی گیارہ نومبر کو اپنے اکیلے پن کو منانے کا فیصلہ کیا تھا۔ آنے والے سالوں میں دیگر چینی یونیورسٹیوں میں بھی طالب علم گیارہ نومبر کو سنگلز ڈے منانے لگے۔
انہوں نے اس تاریخ کا انتخاب اس کے اعداد کی وجہ سے کیا تھا۔ چین میں1 کو اکیلی چھڑی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ یہ ہندسہ ایسے مردوں کے لیے استعمال ہوتا ہے جو شادی نہ کر کے اپنے فیملی ٹری میں ایک نئی لکیر کا اضافہ نہیں کر پاتے۔ اس کے علاوہ وہ چار دوست تھے اور اس تاریخ میں چار دفعہ ہی ایک آتا تھا۔
آہستہ آہستہ یہ دن اتنا مقبول ہوا کہ یونیورسٹیوں کے باہر بھی منایا جانے لگا اور ایک معروف قومی تہوار بن گیا۔ روائیتی طور پر اس دن کا مقصد سنگل افراد کو بھی ان کا ایک دن دینا تھا لیکن پچھلے کچھ سالوں میں یہ دن سال کا سب سے بڑا ای کامرس ایونٹ بن چکا ہے۔
چین کا مشہور ای کامرس گروپ علی بابا سنہ 2009 سے سنگلز ڈے پر اپنے آن لائن شاپنگ ایپس پر سال کی سب سے بڑی سیل لگاتا ہے جس میں لاکھوں برانڈز اور کمپنیاں حصہ لیتی ہیں۔ جس طرح ویلنٹائن ڈے پر دنیا بھر میں مختلف کمپنیاں اپنی مصنوعات کو سیل پر بیچتی ہیں تاکہ جوڑے ایک دوسرے کے لیے تحائف خرید سکیں اسی طرح علی بابا اپنی خریداری کی ایپس پر سنگل افراد کو اپنے لیے سیل پر چیزیں خریدنے کا موقع دیتا ہے۔
چینی عوام کو اس سیل کا آئیڈیا اتنا پسند آیا کہ انہوں نے اسے دنیا کا سب سے بڑا خریداری کا تہوار بنا دیا۔ سنگلز ڈے پر علی بابا کی آن لائن شاپنگ ایپس پر ہونے والی فروخت ایمازون پر چار مہینوں میں ہونے والی فروخت سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔ علی بابا گروپ کی ویب سائٹ پر موجود ایک بلاگ کے مطابق پچھلے سنگلز ڈے پر ان کی شاپنگ ایپس پر ہر سیکنڈ میں پونے چھ لاکھ سے زیادہ ٹرانزیکشنز ہوئی تھیں۔
علی بابا اس موقع پر ایک عالیشان تقریب کا بھی انعقاد کرتا ہے جس میں ملکی اور غیر ملکی ستارے شرکت کرتے ہیں۔ یہ تقریب علی بابا گروپ کا پاور شو بھی ہوتی ہے جس میں وہ اپنی نئی ٹیکنالوجی کا بھرپور اظہار کرتا ہے جو تقریب کے علاوہ آن لائن خریداری کے ہر مرحلے کو دکاندار اور گاہک کے لیے کامیاب بنانے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ اس تقریب میں بارہ بجتے ہی ہر لمحے کی خریداری کے اعداد بڑی سی اسکرین پر دکھائے جاتے ہیں۔
سنگلز ڈے کی سیل سے فائدہ اٹھانے کے لیے لوگ کئی دن پہلے سے ہی اپنی آن لائن خریداری کی ایپس میں مختلف کمپنیوں کی مصنوعات دیکھنا شروع کر دیتے ہیں۔ جو چیز پسند آتی ہے اسے اپنے کارٹ میں ڈال دیتے ہیں۔ دس نومبر کے آخری لمحات میں وہ ایپ کھول کر بیٹھ جاتے ہیں۔ جیسے ہی گھڑی پر بارہ بجتے ہیں اور تاریخ تبدیل ہوتی ہے وہ اپنے کارٹ میں موجود اشیاء کی ادائیگی کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ ایک سیکنڈ کی دیر بھی ان کے کارٹ میں رکھی ہوئی چیز کسی دوسرے کے شاپنگ بیگ میں منتقل کر سکتی ہے۔
ہم ہر سال سنگلز ڈے پر خود کو بہت سے تحائف دیتے ہیں۔ اس سال بھی دے رہے ہیں۔ کئی چیزیں اپنے کارٹ میں رکھ چکے ہیں۔ جن کمپنیوں نے ابھی سے سیل شروع کر دی ہے۔ ان سے بہت سی چیزیں منگوا بھی چکے ہیں۔ ہم نے ایک مشہور میک اپ برانڈ سے دو لپ اسٹکس اور ایک دوسرے میک اپ برانڈ سے مسکارہ منگوایا ہے۔ چین میں کمپنیاں آن لائن خریداری کے ساتھ کچھ نہ کچھ تحفے میں ضرور بھیجتی ہیں۔ ہمیں لپ اسٹکس کے ساتھ ایک پیارا سا پائوچ تحفے میں ملا ہے جبکہ مسکارہ کے ساتھ ایک آئی لیش کرلر اور میک اپ ریموور کی ایک چھوٹی سی بوتل بطور تحفہ آئی ہے۔ کچھ سال پہلے ہم نے جب اپنا موبائل فون خریدا تھا تو ہمیں اس کے ساتھ ایک چھتری، ایک بلو ٹوتھ سپیکر، ایک پاور بنک اور دو لٹر مائع ڈٹرجنٹ کا تحفہ ملا تھا۔
چین میں سنگلز ڈے پر خریداری کے علاوہ بھی بہت کچھ ہوتا ہے۔ اس دن سنگل افراد کے لیے بہت سی ایسی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں جہاں وہ ایک دوسرے سے مل سکیں اور کسی کے پسند آنے کی صورت میں اس کے ساتھ معاملات آگے بڑھا سکیں۔ بہت سے جوڑے اپنی شادی کے لیے اسی تاریخ کا انتخاب کرتے ہیں۔ میڈیا بھی اس دن نوجوانوں کے لیے خاص پراگرام چلاتا ہے جس میں ان کے محبت، رومان اور شادی سے جڑے مسائل پر بات چیت کی جاتی ہے۔
پچھلے کچھ سالوں میں سنگلز ڈے کی سیل پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی منعقد ہو رہی ہے۔ تاہم، ان ممالک میں سنگلز ڈے کو سیل سے علیحدہ کر کے نہیں دیکھا جا رہا۔ وہاں یہ بس ایک بڑی سیل ہے جبکہ چین میں یہ سیل کے علاوہ ایک سماجی مسئلہ بھی ہے۔
Discussion about this post