ایسا کیوں ہے کہ مغل اور دیگر مسلم بادشاہوں کے کردار کو مسخ کرتی بھارتی فلمیں تخلیق کی جاتی ہیں۔ کیا یہ آسان کام ہے کہ تاریخ کو توڑ موڑ کر پیش کرکے چند افراد کو خوش کرنے کے لیے ایسی فلمیں بنائی جائیں؟۔ یہ خیالات کسی اور کے نہیں ہدایتکار کبیر خان کے ہیں جو جمعرات سے نشر ہونے والی تاریخی ویب سیریز ’دی ایمپائر‘ پر کھل کر تنقید کررہے ہیں۔ فلم مشہور مغل بادشاہ بابر سے اورنگزیب کی زندگی پر بنائی جارہی ہے۔ جس میں بابر کے روپ میں کنال کپور جلوہ گر ہورہے ہیں۔
کبیر خان فلم سے کیوں مایوس ہیں؟
بھارتی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کبیر خا ن کا کہنا تھا کہ ’ بدقسمتی سے ایسی فلمیں بنائی جارہی ہیں جن کا مقصد صرف اور صرف مغل بادشاہوں کو بدنام کرنا ہے۔ کوئی فرضی کہانی اٹھا لی جاتی ہے اور پھر تاریخی شواہد کو مسخ کرکے مغل بادشاہوں کو پردے پر منفی روپ میں دکھایا جاتا ہے۔ درحقیقت ہندوستان کی تاریخ میں یہ مغل ہی تھے جنہوں نے تاریخ اور قوم بنانے پر اصل کام کیا درحقیقت وہ قوم کے معمار تھے۔‘ کبیر خان کے مطابق یہ عمل انہیں خاصا پریشان کرتا ہے کہ کوئی بھی فلم ساز تحقیق نہیں کررہا۔ مغل بادشاہوں کو ایسے پیش کیا جاتا ہے جیسے وہ ظالم ہویا قاتل ہوں۔ نجانے کیوں فلم ساز اور ہدایتکار اس پہلو پر سوچتے ہیں کہ وہ موجودہ حالات کے پیش نظر شہرت اور کامیابی پانے کے لیے مغلوں کو ایسا دکھائیں، جس سے نفرت کا احساس ہو۔‘ کبیر خان نے انتہائی دکھ بھرے لہجے میں اس بات کا بھی شکوہ کیا کہ اب مغلوں کو بدنام کرنا فیشن کا روپ دھار چکا ہے۔ حالانکہ اس کا تاریخ سے کوئی تعلق نہیں۔‘
بجرنگی بھائی جان اور نیویارک جیسی فلموں کے ہدایتکار کبیر خان کے والد رشید الدین خان، سابق بھارتی صدر ذاکر حسین کے بھتیجے تھے۔ کبیر خان نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ اب ایسی فلموں کے ذریعے سیاست چمکانے کا کام کیا جارہا ہے۔ کبیر خان کے ان خیالات کے بعد انتہا پسند بھارتیوں نے ان کے خلاف لفظی تیر چلانا شروع کردیئے ہیں۔ عجیب اتفاق ہے کہ جب ماضی میں کبیر خان نے پاکستان مخالف فلمیں ’ایک تھا ٹائیگر‘ اور ’فنٹوم‘ بنائی تھیں تو یہی بھارتی تجزیہ کار اور عوام نے انہیں سر آنکھوں پر بٹھایا تھا لیکن اب جب کبیر خان مغل بادشاہوں کی کردار کشی پر بننے والی فلموں پر پھٹ پڑے ہیں تو وہ ہدف تنقید پر آگئے ہیں۔
بھارت میں تاریخ کو مسخ کرتی فلمیں
حالیہ برسوں میں کئی ہدایتکاروں نے ایسی فلمیں تخلیق کیں جو اصل حقائق کے برخلاف تھیں۔ ان میں تنا جی، پانی پت، باجی راؤ مستانی اورپرمپرا پاتل ہاشمی نمایاں ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کبیر خان ان تمام فلموں کا جواب دینے کے لیے ’بابر‘ بنانے کی تیاری کررہے ہیں، جس میں ہیرو کے طور پر شاہ رخ خان کو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
Discussion about this post