آپ نے اکثر سنا ہوگا کہ پالتو اور آوارہ کتے نے کسی راہ گیر یا اپنے ہی مالک کو کاٹ لیا ہے لیکن کیا کبھی آپ نے سنا ہے کہ کتے کے ہی تنازعے پر ایک خاتون نے دوسرے خاتون کو ہی کاٹ لیا ہو؟ ایسے ہی عجیب و غریب واقعہ جرمن ریاست تھیورنگیا میں پیش آیا جہاں دونوں خواتین کے مابین پالتو کتوں کی تربیت کے موضوع پر شروع ہونے والی بحث باقاعدہ لڑائی کی شکل اختیار کرگئی۔ ماجرہ کچھ یوں تھا کہ 27 سالہ خاتون اپنے پالتو کتے کے ساتھ پارک میں سیر کے لیے آئی جہاں اس نے دیکھا کہ پہلے سے موجود 51 سالہ خاتون اپنے پالتو کتے کو پیٹ رہی ہے جس پر 21 سالہ خاتون نے معمر خاتون کو مخاطب کرکے کتے کو پیٹنے سے روکنا چاہا تو دونوں کے مابین کتے کی تربیت کو لے کر بحث شروع ہوگئی اور یوں ایک دوسرے پر لفظی جنگ ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی اور دونوں خواتین نے اپنے کتوں کو چھوڑ کر ایک دوسرے کو پیٹنا شروع کردیا۔
پولیس نے بتایا کہ لڑتے لڑتے بڑی عمر کی خاتون زمین پر گر گئی اور اس نے اپنے دانت حریف خاتون کی پنڈلی پر گاڑ دیے جس سے نوجوان خاتون زخمی ہوگئی مگر پھر بھی ہار نہ مانی زمین پر گری خاتون کو ٹھڈے مارتی رہی۔ اس کیٹ فائٹ کے دوران حیران کن بات یہ تھی کہ دونوں خواتین کے پالتو کتے پاس کھڑے انہیں خاموشی سے دیکھتے رہے، دونوں آپس میں نہ لڑے اور نہ ہی ان میں سے کسی نے اپنی مالکن کی حریف خاتون کو کاٹنے کی کوشش کی۔ پولیس نے اس واقعے کے بعد ایف آئی آر درج کرلی ہے اب ان دونوں خواتین کو ایک دوسرے کو جسمانی طور پر نقصان پہنچانے کے الزام میں عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔
Discussion about this post