کراچی میں قیامت خیز گرمی کے دوران غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی، درجہ حرارت بڑھنے کی وجہ سے بجلی کا بحران بھی شدت اختیار کرگیا ہے۔ کے الیکڑک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بجلی کا شارٹ فال 250 سے 300 میگا واٹ سے بڑھ کر 400 سے 500 میگاواٹ تک جا پہنچا ہے۔ کے الیکڑک ترجمان کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں بجلی کی اوسطاً فراہمی 2700 میگاواٹ ہے، نیشنل گرڈ سے حاصل کردہ اوسطاً 1000 میگاواٹ بجلی بھی شامل ہے۔ ترجمان کے مطابق شارٹ فال میں اضافے کے باعث رات میں مجبوراً لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، قدرتی گیس کی عدم فراہمی کے باعث 2 پاور پلانٹس بھی بند ہوگئے ہیں۔
شہرقائد میں شدید گرمی میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ شہریوں پر قہر بن کر برس رہی ہے، 16 گھنٹے بجلی بندش کے باعث عوام بلبلا اٹھے ہیں، گزشتہ روز مختلف علاقے لیاقت آباد، لیاری ، رامسوامی ماڑی پور، جہانگیر آباد، ناظم آباد، پی آئی بی کالونی اورنگی ٹاؤن، کورنگی اللہ والا ٹاؤن، کورنگی الیاس گوٹھ، لانڈھی فیوچر موڑ سمیت دیگر علاقوں کے مشتعل رہائشیوں نے سڑکیں بلاک کیں، پتھراؤ کیا اور کے الیکٹرک اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی گئی جس کے دوران 60 سالہ خاتون زخمی ہوگئی تاہم دوران علاج وہ چل بسیں۔
Discussion about this post