کراچی میں ڈکیت پھر بے لگام ہوگئے۔ دن دیہاڑے قتل و غارت گری کی وارداتیں عام ہوگئیں۔ ایک دن پہلے جس نوجوان شاہ رخ کا ولیمہ تھا، آج اُسے اس کے گھر کے سامنے گولی مار کر موت کی آغوش میں پہنچا دیا گیا۔ 28 برس کے شاہ رخ شو روم کا مالک بتایا جاتا ہے اور یہ دل دہلا دینے والا واقعہ کشمیر روڈ پر پیش آیا۔ جہاں دو خواتین جو رکشے میں سوار تھیں،جب گھر کے دروازے پر پہنچیں تو ان کےتعاقب میں موٹر سائیکل پر سوار ڈکیت آدھمکتا اور خواتین سے زیورات چھیننے کی کوشش کرتا ہے، خواتین مزاحمت کرتی ہیں لیکن ڈکیت پھربندوق کی نوک پر چھینا چھپٹی میں لگا رہتا ہے۔
اسی دوران ایک خاتون نے گھر کی گھنٹی بجائی، جس کے نتیجے میں نوجوان شاہ رخ آتا ہے تو موٹر سائیکل سوار ڈکیت اندھا دھند گولی برسا کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیتا ہے۔ واقعے کی فوٹیج بھی منظرعام پرآچکی ہے۔ جس میں ڈکیت کی دیدہ دلیری دیکھی جاسکتی ہے۔ جو نوجوان کو اُسی کے گھر پر قتل کرنے کے بعد فرار ہوجاتا ہے۔ بدقسمتی سے قریبی گھر کاسیکوریٹی گارڈ اس ساری کارروائی میں خاموش تماشائی بنا رہتا ہے، جس نے اس ڈکیت پر حملہ کرنے یا اسے نشانہ بنانے کی کوئی کوشش نہیں کی ۔
پولیس کے مطابق نوجوان شاہ رخ کی 2 دن پہلے شادی اور منگل کو ولیمہ ہوا تھا۔ شادی کے اس خوشی سے بھرے گھر میں کہرام مچ گیا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں خواتین شاہ رخ کی ماں اور بہن تھیں، جن کے سامنے نوجوان کو قتل کیا گیا۔شہر قائد میں دن بھر میں 3 افراد اسٹریٹ کرائمز کے باعث قتل کیے جاچکے ہیں۔
Discussion about this post