کرکٹ دیونواں کے لیے بڑی خبر، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے کٹ بیگ تیار کرلی اور پاکستان کی اڑان بھرنے والے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس دورے کا شیڈول بھی جاری کردیا۔ کیویز ٹیم کوئی 18 سال بعد پاکستان کی میزبانی کا لطف اٹھائے گی۔ اس دورے کے دوران 5 ٹی ٹوئنٹی میچز اور 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔
پی سی بی کے مطابق تمام ون ڈے میچز کی میزبانی کے لیے راولپنڈی کا انتخاب کیا گیا ہے، جہاں 17 ، 19 اور 21 ستمبر کو کرکٹ کا دنگل سجے گا ۔ جس کے بعد ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے مہمان ٹیم لاہور کا رخ کرے گی۔ جہاں 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک مختصر فارمیٹ کی رنگا رنگ چوکوں اور چھکوں سے سجی سیریز کھلی جائے گی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 2003 کے بعد پہلی بار 18 سال کے بعد پاکستان کی سرزمین پر میچز کھیلے گی، جب کہ وہ رواں سال پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی غیر ملکی ٹیم ہوگی۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کی مینز اور ویمنز ٹیم ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے پاکستان کی مہمان بنیں گی۔ اسی طرح آسٹریلوی ٹیم فروری میں 23 سال بعد پاکستان کا مکمل دورہ کرنے کی تیاریوں میں ہیں۔
اس موقع پر پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ویڈیو پیغام کے ذریعے خوشی کا اظہار کیا ہے، جن کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے بعد مزید غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آئیں گی ، جو اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے باقاعدہ کھل گئے ہیں۔

مہمان ٹیم کا دورہ پاکستان شائقین کرکٹ کی توجہ حاصل کرنے اور پاکستان کو ایک محفوظ اور پرامن دیس ثابت کرے گا۔
Discussion about this post