چن میرا مکھنا جیسے گیت کو پھر سے اپنے منفرد انداز میں پیش کرنے والی شازیہ منظور کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ جنہوں نے ایک طویل عرصے تک گلوکاری کی سلطنت پر راج کیا۔ جن کا گایا ہواہر گیت اور البم مقبولیت کی ساری حدیں پار کرجاتا تھا۔ گلوکاری میں ذومعنی لفظوں کا استعمال ہونا شروع ہوا تو شازیہ منظور نے دھیرے دھیرے کنارہ کشی اختیار کرلی لیکن سوشل میڈیا پر ایک بار وہ گردش میں ہیں۔ اس بار وہ اپنی گلوکاری کے لیے بلکہ ’آنٹی‘ کہلانے پر۔ ہوا کچھ یوں کہ ایک صارف اسد انکل نے ویڈیو شیئر کی، جس میں شازیہ منظور مہنگی ترین گاڑی لمبی گینی سے نکلتی ہیں لیکن گنگناتی ہوئی۔ اسد انکل نے طنزیہ لہجے میں لکھا کہ تصور کریں کہ آپ کی رخصتی ہورہی ہو اور آپ باہر نکلتے ہیں اور پھر دیکھتے ہیں آپ کی گاڑی کے پاس کھڑی ایک آنٹی اسی طرح گانا گارہی ہیں۔
Imagine you’re tryna do your rukhsati but you get outside & see some auntie doing this at your car 😭 pic.twitter.com/oNj5hld9uR
— Asad Uncle (@ASUHHHDBLUH) November 30, 2021
یقینی طور پر اسد انکل، گلوکارہ شازیہ منظور سے ناواقف تھے اسی لیے انہوں نے اُن کے لیے ان جملوں کااستعمال کیا لیکن یہی طنزیہ خیالات اُن کے لیے مسائل کھڑے کرگئے۔ بیشتر صارفین نے اُنہیں یاد دلایا کہ جن کو وہ ’آنٹی‘ کہہ رہے ہیں، وہ پاکستانی لیجنڈری گلوکارہ شازیہ منظور ہیں۔ صارفین میں کچھ اسد انکل کے رشتے دار بھی تھے، جنہوں نے لکھا کہ انہوں نے پورے خاندان کو شرمندہ کردیا ہے۔ حیرت ہے کہ وہ کیسے شازیہ منظور کو نہیں جانتے۔
کچھ کا خیال تھا کہ صارف اسد کو یہ حق کس نے دیا کہ وہ پاکستانی گلوکارہ کو ’آنٹی‘ کہہ کر مخاطب کریں۔سوشل میڈیا پر تو صارف اسد پر اس قدر تنقید ہوئی کہ انہیں اپنی غلطی اور لاعلمی کا احساس ہوگیا۔جبھی جوابی ٹوئٹ میں انہوں نے پاکستانی پرستاروں سے معذرت کی کہ وہ اتنی بڑی گلوکار کو شناخت نہیں کرسکے اور انہیں ’آنٹی‘ کہا۔ اسد کے مطابق ان کے رویے سے اُن کی شریک سفر بھی مایوس ہوئی ہیں لیکن اب وہ ضرور شازیہ منظور کے گیت سنیں گے۔
I’d like to formally apologize to pakistani twitter for not knowing about Shazia Mansoor. To make up for it, I’ll be making myself and my wife (who was also disappointed in me) listen to her music on repeat. I’ll get back to y’all when I know her songs by heart 😌
— Asad Uncle (@ASUHHHDBLUH) December 1, 2021
اسد کی اس معذرت پر پاکستانی صارفین نے بھی سکھ کا سانس لیا۔ جن کا کہنا ہے کہ شازیہ منظور لیونگ لیجنڈ ہیں۔ جن کے گیت دلوں میں گھر کرجاتے ہیں۔ جنہوں نے جو بھی گایا پسندیدگی کی سند حاصل کرگیا۔ کچھ صارفین ایسے بھی ہیں، جنہوں نے اسد کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی لاعلمی میں کی گئی ٹوئٹ کے ذریعے ایک بار پھر شازیہ منظور کو اُنہوں نے گنگناتے ہوئے دیکھا۔
یاد رہے کہ شازیہ منظور ایک طویل عرصے سے امریکا میں مقیم ہیں۔ جہاں وہ مختلف کنسرٹس میں گلوکاری کرتی ہیں۔ شازیہ منظور پنجابی ہی نہیں اردو میں بھی پراثر گیت گا کر دنیا بھر میں اپنے پرستاروں کی تعداد بڑھا چکی ہیں۔ ملکہ ترنم نور جہاں کے بعد شازیہ منظور پنجابی زبان کی فلموں کے لیے گلوکاری کرتی رہی ہیں لیکن لالی وڈ میں جب گلوکاری میں عامیانہ گیتوں کی بھرمار ہوئی تو انہوں نے فلموں سے زیادہ پھر ٹی وی شوز میں گلوکاری کرنے کو ترجیح دی۔
Discussion about this post